مائناریٹی ڈیولپمنٹ سوسائٹی وفد کی جناب محمد محمود علی کو یادداشت کی پیشکشی
حیدرآباد۔یکم مارچ(سیاست نیوز) پرانے شہر کے حسن نگر علاقے میںسرکار ی دواخانے کے قیام کی نمائندگی کرتے ہوئے میناریٹی ڈیولپمنٹ ویلفیر سوسائٹی کے وفد نے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی سے ملاقات کی اور تحریری یادواشت بھی ان کے حوالے کیا۔ قبل ازیں وفد نے ڈپٹی چیف منسٹر کو تہنیت بھی پیش کی اور پرانے شہر کی ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے کئے جارہے اعلانات کاخیرمقدم کیا۔ وفد نے اپنی یادداشت میںکہاکہ شیورام پلی ‘ حسن نگر علاقے دیڑھ لاکھ کی آبادی پر مشتمل ہیں جن میںاکثریت یومیہ اجرت پر کام کرنے والے غریب طبقے کی ہے جنھیںعلاج ومعالجہ کے لئے خانگی دواخانو ں اور کلینکس کا رخ کرنا پڑرہا ہے جہاں پر غریب عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ وفد نے حکومت کی جانب سے مذکورہ علاقہ میں ایک سرکاری دواخانہ قائم کرنے کی اپیل کی تاکہ معاشی طور پر پسماندہ خاندانو ںکو مفت طبی سہولتیں فراہم کی جاسکیں جس کا حکومت تلنگانہ نے عوام سے وعدہ کیا ہے۔جناب محمد محمودعلی نے وفد کی جانب سے پیش کردہ یادداشت پر فوری ردعمل کا اظہا ر کرتے ہوئے متعلقہ وزیرصحت کو ایک نوٹ لکھ کر مسئلہ کی یکسوئی پر زوردیا۔ انہوں نے وفد کو ریاستی وزیرصحت سے ملاقات کرنے او رمقامی عوام کو درپیش مسائل سے واقف کروانے کی بات کہی تاکہ محکمہ صحت کی جانب سے عاجلانہ اقدامات کئے جاسکیں۔ اسکے علاوہ جناب محمد محمو دعلی نے حسن نگر علاقہ میںکرایہ کی عمارت بھی تلاش کرنے کا وفد کو مشورہ دیا جہا ں پر سرکاری دواخانہ قائم کیا جاسکے۔