نئی دہلی۔/24ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی ایک عدالت نے آج بتایا کہ حزب المجاہدین سربراہ سید صلاح الدین کے خلاف ایک کیس میں الزامات وضع کرنے کیلئے پیر کے دن احکامات جاری کئے جائیں گے ان کے خلاف یہ چارج شیٹ پیش کی گئی ہے کہ ہندوستان میں تخریبی کارروائیاں انجام دینے کیلئے انہوں نے پاکستان سے تقریباً 80کروڑ حاصل کئے ہیں۔ایڈیشنل سیشن نینا بنسل کرشنا نے کہا کہ 28ستمبر کو احکامات جاری کئے جائیں گے کیونکہ ہنوز یہ تیار نہیں ہے۔ قبل ازیں عدالت نے صلاح الدین کے خلاف الزامات وضع کرنے کیلئے آج کی تاریخ مقرر کی تھی۔ جبکہ قومی تحقیقاتی ادارہ این آئی اے نے صلاح الدین اور دیگر 11 افراد بشمول پاکستان میں مقیم 8افراد کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا تھا جنہیں عدالت نے مفرور ملزمین قرار دیا ہے۔