حرم شریف میں 8 ملین روزہ داروں کا روح پرور اجتماع

جدہ ۔ 30 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) حرم شریف میں رمضان المبارک کا پہلا عشرہ روح پرور مناظر سے بھرپور رہا۔ آخری عشرہ کیلئے اقطاع عالم سے لاکھوں مسلمانوں کی آمد متوقع ہے۔ حکومت سعودی عرب نے کعبۃ اللہ اور اطراف و اکناف میں سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔ پانچ ہزار سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے انتظامات پر نظر رکھی جارہی ہے۔ خصوصی طور پر قائم کئے گئے کنٹرول روم سے سی سی کیمروں کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز کے بعد پہلے دس دن کے دوران حرم شریف میں 8 ملین روزہ داروں کا اجتماع دیکھا گیا ۔گزشتہ سال کے بمقابل اس سال 49 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حج اور عمرہ ڈائرکٹوریٹ نے کہا کہ اس سال رمضان میں مزید عمرہ عازمین کی آمد متوقع ہے۔ ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر صالح ساخر نے بتایا کہ مکہ گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے ٹرانسپورٹ منصوبہ کو منظوری دی ہے اور حرم شریف کے انتظامات کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے مشیر کی حیثیت سے خالد الفیصل تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ صالح ساخر نے کہا کہ گزشتہ دس دن کے دوران حرم شریف آنے والے عازمین عمرہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور جملہ 38,000 موٹر گاڑیوں کے ذریعہ یہ عازمین حرم شریف پہنچے ہیں۔ پیدل راہرو اور مسافرین کیلئے 8 اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جس کی مدد سے ٹرانسپورٹیشن کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیاد کے ذریعہ 4.7 ملین عازمین کو منتقل کیا گیا جبکہ باب علی کے ذریعہ 8632 عازمین حرم شریف پہنچے۔ جبل الکعبہ کے ذریعہ 2208 کنگ عبدالعزیز گیٹ سے 4874 جارول سے 2169 عازمین حرم شریف میں داخل ہوئے۔

صہوب عامر کے ذریعہ 1.12 ملین اور ریا بخش کے ذریعہ 148410 عازمین عمرہ حرم شریف پہنچے ہیں۔ صالح ساخر نے کہا کہ شہزادہ فیصل کی زیر قیادت سنٹرل حج کمیٹی اس سال کے ٹرانسپورٹیشن کو منظوری دی گئی ہے جس کا مقصد حرم شریف کو عازمین عمرہ کو لانے اور لیجانے کیلئے یہ انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعہ 25 ملین عازمین سفر کریں گے۔ حرم شریف میں عازمین عمرہ کے بڑھتے ہوئے ہجوم کو دیکھتے ہوئے 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ سیکوریٹی کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ وادی منیٰ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں تمام کیمروں کے اسکرین آویزاں کئے گئے ہیں۔ میجر جنرل سعد بن عبداللہ الخلوائی ڈائرکٹر جنرل سنٹر نے بتایا کہ ان تمام کیمروں کے ذریعہ انتظامات کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ مصروف ترین اوقات میں خاص کر افطار سے قبل اور تراویح کے بعد روزہ داروں اور عبادت گزاروں کی سیکوریٹی کیلئے خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔ حرم شریف اور اس کے اطراف و اکناف میں پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنوں پر آمد و رفت کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ عازمین عمرہ کو حرم شریف تک پہنچنے کیلئے کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ حکومت سعودی عرب نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سال رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مزید عازمین عمرہ کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ پر بھی رمضان المبارک کا روح پرور منظر دیکھا جارہا ہے جہاں روزہ دار اور عبادت میں مصروف لاکھوں افراد خشوع و خضوع کے ساتھ ذکر و اذکار میں مصروف ہیں۔ اس سال ہندوستان سے بھی عازمین عمرہ کی کثیر تعداد مکہ مدینہ پہنچ رہی ہے۔