۔17 نومبر آخری تاریخ ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 7 ۔ نومبر (سیاست نیوز) حج 2019 ء کیلئے درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 نومبر مقرر ہے اور ابھی تک تلنگانہ میں 3788 درخواستیں آن لائین داخل کردی گئیں ہیں جن میں 115 درخواستیں 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کی ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ عام زمرہ کے تحت 3673 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ انہوں نے فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد سے اپیل کی کہ وہ 17 نومبر سے قبل اپنی درخواستیں آن لائین داخل کردیں۔ جاریہ سال حج کمیٹی نے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا لزوم عائد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواہشمند افراد اپنے مکان یا پھر کسی انٹرنیٹ سنٹر سے بھی آن لائین درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ ایسے امیدواروں کو دستاویزات کی ہاٹ کاپی حج ہاؤز میں داخل کرنا ہوگا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے حج ہاؤز نامپلی میں 10 خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں جہاں آن لائین ادخال کی سہولت موجود ہے۔ خواہشمند افراد اپنے دستاویزات کے ساتھ حج کمیٹی سے رجوع ہوں تو بلامعاوضہ ان کی درخواست داخل کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے عازمین کو ہاٹ کاپی کے ساتھ اوریجنل پاسپورٹ داخل کرنا ہوگا۔ دیگر امیدواروں کیلئے دستاویزات میں پے سلپ ، پاسپورٹ کی زیراکس کاپی ، بینک پاس بک کی زیراکس یا کینسل شدہ چیک ، ایک فوٹو گراف اور بلڈ گروپ کی تفصیلات شامل رہیں گی۔ اگر پاسپورٹ پر گھر کا ایڈریس تبدیل شدہ ہے تو امیدوار کو راشن کارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس ، الیکٹرسٹی بل ، ٹیلیفون بل ، واٹر بل ، گیس کنکشن بل ، ووٹر شناختی کارڈ ، بینک پاس بک یا آدھار کارڈ کی تفصیلات بطور ایڈریس پروف پیش کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کے ادخال کیلئے تاریخ میں توسیع کا امکان نظر نہیں آتا۔ لہذا امیدواروں کو جلد سے جلد آن لائین درخواستیں داخل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے گزشتہ برسوں کی طرح عازمین حج کی بہتر خدمت کی تیاری کرلی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج 2019 ء میں بحری جہاز کے ذریعہ سفر کے بارے میں ابھی تک سنٹرل حج کمیٹی سے کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے ہیں۔ اب جبکہ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ قریب آچکی ہے ، بحری راستہ سے سفر حج کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ امیدواروں کیلئے حج کمیٹی میں دستاویزات کی زیراکس کا مفت انتظام کیا گیا ہے۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کی سہولت ایام کار کے دوران دفتری اوقات میں رہے گی۔