نئی دہلی۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آ ج کہا کہ آئندہ سال کے حج کیلئے پراسیسنگ کا آئندہ چند روز میں اعلان کیا جائے گا جبکہ 2019ء کے مقدس سفر کے لیے تیاریاں پہلے ہی شروع کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے یہ بات حج جائزہ اجلاس کے بعد کہی جس میں وزارت اقلیتی امور، وزارت امور خارجہ، وزارت شہری ہوا بازی، وزارت صحت اور حج کمیٹی آف انڈیا کے علاوہ سعودی عرب میں انڈین ایمبسی اور قونصل خانہ سے وابستہ سینئر عہدیداروں نے حصہ لیا۔ نقوی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آئندہ سال کے حج کے لیے تیاریاں جاریہ سال کے حج امور کی تکمیل کے فوری بعد شروع کردی گئی ہے۔ چنانچہ حج 2019ء کے سلسلہ میں اسی ماہ اعلان کردیا جائے گا۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ حج 2018ء عازمین کے حق میں موافق رہا۔ حالانکہ حج سبسیڈی برخاست کردی گئی ہے۔ درمیانی آدمیوں کے رول کو ختم کرنا اور 100 فیصدی آن لائین اور شفاف سسٹم کی وجہ سے یقینی ہوا کہ حج سبسیڈی کو ختم کرنے کے باوجود عازمین پر کوئی غیر ضروری مالی بوجھ عائد نہیں ہوا۔ نقوی نے کہا کہ حج 2018ء کامیاب رہا اور آزادی کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان سے ریکارڈ تعداد میں 1,75,025 عازمین نے فریضہ حج ادا کیا۔