حج 2018 کیلئے ادخال درخواست میں توسیع کے لیے سنٹرل حج کمیٹی سے خواہش

اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا مکتوب
حیدرآباد ۔6۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے سنٹرل حج کمیٹی سے خواہش کی ہے کہ حج 2018 ء کے درخواست فارمس کے ادخال کی تاریخ میں 15 ڈسمبر تک توسیع کی جائے ۔ اس سلسلہ میں اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج صدرنشین سنٹرل حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طئے شدہ شیڈول کے مطابق درخواست فارمس داخل کرنے کی آخری تاریخ 7 ڈسمبر ہے اور تلنگانہ میں مختلف گوشوں سے نمائندگی کی گئی کہ تاریخ میں توسیع کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی درخواست گزار ایسے ہیں جنہوں نے نئے پاسپورٹ یا پھر پاسپورٹ کی تجدید کے سلسلہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس میں درخواست داخل کی ہے۔ اگر انہیں 7 ڈسمبر تک پاسپورٹ نہیں ملتا تو وہ حج کی سعادت سے محروم رہ سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ کئی درخواست گزار ضروری دستاویزات کی تکمیل سے قاصر ہیں۔ اس طرح اگر آخری تاریخ کو 15 ڈسمبر مقرر کیا جائے تو درخواست گزاروں کیلئے سہولت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے عازمین حج کے پاسپورٹ جلد جاری کرنے کا تیقن دیا ہے اور اس سلسلہ میں خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کو آج شام تک جملہ 10,339 درخواستیں وصول ہوئی ہیں، ان میں محفوظ زمرہ کے تحت 293 درخواستیں شامل ہیں۔ آج ایک دن میں جملہ 1205 درخواستیں داخل کی گئیں۔ ابھی تک داخل کی گئی جملہ درخواستوں میں فریش درخواستوں کی تعداد 10046 ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے درخواستوں کی خانہ پری ، جانچ اور وصولی کے سلسلہ میں حج ہاؤز میں خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں۔