حج 2017 انتظامات ، تلنگانہ و اے پی حج کمیٹیوں کے درمیان معاہدے

تلنگانہ عازمین کا حج ہاوز میں اور اے پی کے عازمین کا ہوٹلوں میں قیام ، عازمین کے لحاظ سے بجٹ خرچ کا فیصلہ
حیدرآباد۔3 جولائی (سیاست نیوز) حج 2017ء کے انتظامات کے سلسلہ میں تلنگانہ اور آندھراپردیش حج کمیٹیوں کے درمیان معاہدے کو قطعیت دے گئی ہے۔ جاریہ سال آندھراپردیش کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے اور تمام تر انتظامات تلنگانہ حج کمیٹی کی نگرانی میں انجام پائیں گے۔ حیدرآباد امبارگیشن پائنٹ کی ذمہ داری چونکہ تلنگانہ حج کمیٹی کے ہاتھ میں ہے، لہٰذا آندھراپردیش حج کمیٹی نے اپنے عازمین کے لیے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے تلنگانہ حج کمیٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ رکن قانون ساز کونسل آندھراپردیش و رکن حج کمیٹی احمد شریف، ایگزیکٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی لیاقت علی اور حج کمیٹی کے ارکان نے اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے ملاقات کی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے 2017ء کے لیے گناورم میں امبارگیشن پوائنٹ فراہم کرنے سے معذوری کا اظہار کیا تھا لہٰذا دونوں ریاستوں کے عازمین حج کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئے گی۔ حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں دونوں کمیٹیوں نے اپنے اپنے عازمین کی تعداد کے تناسب سے بجٹ خرچ کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ آندھراپردیش حج کمیٹی اپنے عازمین کو حج ہائوز میں قیام کی سہولت فراہم نہیں کرے گی بلکہ انہیں حج ہائوز کے اطراف کی مختلف ہوٹلوں میں قیام کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش حج کمیٹی نے نامپلی کی مختلف ہوٹلوں کی بکنگ مکمل کرلی ہے تاکہ اپنے 2700 عازمین کو ٹھہرایا جاسکے۔ ہوٹل میں قیام کے علاوہ طعام کی سہولت بھی رہے گی اور دیگر ضروری امور کی تکمیل اور ایرپورٹ کو روانگی کے لیے یہ عازمین حج ہائوز پہنچیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کی نگرانی میں حج ہائوز میں تمام سرکاری امور کی تکمیل کی جائے گی جن میں پاسپورٹ، ٹکٹ، براسلٹ، کرنسی کی حوالگی، کسٹمس، لگیج اور دیگر امور کی تکمیل شامل ہیں۔ ان مراحل سے گزرنے کے بعد عازمین حج آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ ایرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 13 تا 22 اگست 10 دن میں 14 فلائٹس روانہ ہوں گی۔ ابتدائی چھ دن تلنگانہ کے عازمین کی روانگی ہوگی اور باقی چار دنوں میں آندھراپردیش کے عازمین سفر حج کے لیے پرواز کریں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ دونوں حج کمیٹیوں نے عازمین کے تناسب کے اعتبار سے اخراجات کی پابجائی سے اتفاق کیا ہے۔ بہت جلد دونوں کمیٹیوں میں تحریری طور پر معاہدے کو قطعیت دی جائے گی۔ آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی کے موقع پر مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں، ملازمین اور پولیس کے سکیوریٹی عملے کے لیے کھانے کے انتظام کے اخراجات بھی آندھراپردیش حج کمیٹی ادا کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں سے عازمین حج کے لیے حج ہائوز کے احاطہ میں کیمپ منعقد کیا جارہا ہے۔ متحدہ آندھراپردیش میں بھی یہ کیمپ جاری رہا لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ جب آندھراپردیش حج کمیٹی نے حج ہاوز کے استعمال کے بجائے عازمین کو ہوٹلوں میں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ تلنگانہ کے عازمین اسی کیمپ میں قیام کریں گے۔ آندھراپردیش حکومت نے 20 کروڑ روپئے کا جو بجٹ مختص کیا ہے ۔ جبکہ تلنگانہ میں حج کمیٹی کا بجٹ صرف 3 کروڑ ہے۔