حج 2015 کے لیے جنوری سے درخواستوں کی اجرائی کا آغاز

سنٹرل حج کمیٹی سے شیڈول کا اعلان ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد۔ 8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2015 ء کیلئے درخواستوں کی اجرائی کا جنوری میں آغاز ہوگا۔ اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی شیڈول کا اعلان کرے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے واپسی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی ہندوستانی عازمین حج کیلئے مزید بہتر انتظامات کی تیاری کر رہی ہے۔ مدینہ منورہ میں کھانے کی فراہمی اور مکہ مکرمہ میں ٹرانسپورٹیشن کے انتظامات میں پائی گئی بعض کوتاہیوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ خادم الحجاج کے انتخاب میں شفافیت کیلئے آن لائین طریقہ سے سلیکشن پر غور کیا جارہا ہے۔ ملک بھر کے خادم الحجاج کیلئے درخواستیں آن لائین طلب کی جائیں گی اور انتخاب بھی آن لائین ڈرا کے ذریعہ کیا جائے گا ۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق انہوں نے حج 2014 ء کے انتظامات کے دوران پیش آئے تجربات کی روشنی میں کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کی اور حیدرآباد ایرپورٹ پر حج ٹرمنل میں بعض ضروری اقدامات کی جانب حکام کی توجہ مبذول کرائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج 2015 ء کا کیمپ مزید سہولتوں سے آراستہ ہوگا۔ آئندہ سال آندھراپردیش کے عازمین حج کی حیدرآباد سے روانگی کا امکان ہے کیونکہ آندھراپردیش حکومت نے ابھی تک علحدہ حج کمیٹی تشکیل نہیں دی اور نہ ہی ان کی روانگی کیلئے آندھراپردیش میں کوئی امبارگیشن پوائنٹ کو قطعیت دی گئی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی اور واپسی کے انتظامات کرنے پڑیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال حج کیلئے دونوں ریاستوں کے کوٹہ میں اضافہ کا امکان ہے۔ انہوں نے حج کمیٹی سے خواہش کی کہ کوٹہ کے تعین کے سلسلہ میں 2011 ء مردم شماری کو بنیاد بنایا جائے۔ ابھی تک 2001 ء کی مردم شماری کی بنیاد پر ریاستوں کیلئے حج کوٹہ کا تعین کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج 2015 ء کے عازمین کے انتخاب کے سلسلہ میں مکمل طور پر صحت مند عازمین کے انتخاب کو یقینی بنایا جائے گا اور عازمین کی جانب سے پیش کئے جانے والے فٹنس سرٹیفکٹ کی جانچ کی جائے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی کو شکایت ہے کہ اکثر عازمین حج فرضی سرٹیفکٹس کے ذریعہ خود کو فٹ ثابت کرتے ہوئے حج کیلئے روانہ ہورہے ہیں اور سعودی عرب پہنچنے کے بعد ان کی علالت کے سبب حکام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ حج 2014 ء میں کئی ایسے عازمین فرضی سرٹیفکٹ کی بنیاد پر حج کیلئے پہنچ گئے جو شدید طور پر بیمار تھے۔ حتیٰ کہ بعض ذہنی طور پر معذور تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال حج کیمپ کے علاوہ حج ٹرمنل میں بھی بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش حکومتوں نے حج کمیٹی کیلئے مختص کردہ بجٹ جلد جاری کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔