حج 2015 کے لیے تلنگانہ و اے پی سے ریکارڈ تعداد میں درخواستوں کا ادخال

14 ہزار 460 درخواستیں وصول ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد۔26فبروری( سیاست نیوز) حج 2015ء کے لئے ابھی تک 14,640 درخواستیں داخل کی گئی‘ جب کہ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 2مارچ ہے ۔ توقع کی جارہی ہے کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش دونوں ریاستوں سے ریکارڈ تعداد میں درخواستیں داخل ہوں گی ۔ تلنگانہ سے داخل کی گئی 14,640 درخواستوں میں محفوظ زمروں کے تحت 1338درخواستیں شامل ہیں ۔70سال یا اس سے زیادہ عمر کے 509اور چوتھی مرتبہ مسلسل درخواست دینے والے 829عازمین نے درخواستیں داخل کی ۔ ان کا قرعہ اندازی کے بغیر راست انتخاب ہوجائے گا ۔ آندھراپردیش سے اب تک جملہ 2610درخواستیں وصول ہوئیں جن میں محفوظ زمرہ کے 135درخواستیں شامل ہیں ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج ہاؤز میں عازمین حج کی رہنمائی کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے عازمین سے اپیل کی کہ فارم داخل کرنے سے قبل 300/-روپئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا میں جمع کریں ‘ جو درخواست فارم کی فیس ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کی سہولت بھی برقرار ہے اور آن لائن داخل کردہ درخواست فارم کے دو پرنٹ ‘ فوٹو اور پاسپورٹ کے ساتھ حج کمیٹی میں داخل کریں تو انہیں کوور نمبر الاٹ کیا جائے گا ۔