حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) حج 2015 کیلئے درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔ شہر حیدرآباد سے ابھی تک جملہ 1735 درخواستیں داخل کی گئی جبکہ اضلاع سے 460 درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکو رنے بتایا کہ حج کمیٹی کے دفتر میں آج 334 درخواستیں داخل کی گئیں جو 148 کور کے تحت ہیں ۔ 5 کور کے تحت 12 درخواست فارم آن لائن داخل کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک حیدرآباد میں جملہ 741 کور کے تحت 1735 درخواستیں داخل کی گئیں۔ آن لائن 20 کور کے تحت 63 فارمس داخل کئے گئے ۔ تلنگانہ اور آندھرا سے درخواست فارمس کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے ۔ تلنگانہ سے ابھی تک 410 اور آندھرا سے 50 درخواستیں داخل کی گئی ۔ حج ہاوز میں عازمین کی رہنمائی کیلئے خصوصی کاونٹرس قائم ہیں جہاں درخواستوں کی خانہ پوری کی رہنمائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کو آندھرا پردیش کے عازمین کی خدمت انجام دینی ہے جس کیلئے حکومت آندھرا پردیش سے معاہدہ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال کے مقابلے جاریہ سال مزید بہتر انتظامات کی کوشش کی جارہی ہے ۔