حج 2014 کے لیے تاحال 4598 درخواستوں کا ادخال

حیدرآباد۔/21فبروری، ( سیاست نیوز) حج 2014ء کے لئے ابھی تک 4598 افراد نے درخواست فارم داخل کردیئے ہیں جبکہ 10ہزار سے زائد درخواست فارم جاری کئے گئے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 15مارچ ہے اور توقع ہے کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی 15ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع کی کمیٹیوں کی جانب سے بھی درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے اور کل سے اضلاع کی کمیٹیاں اپنی درخواستیں حج کمیٹی کو روانہ کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ محفوظ زمرہ Aکے تحت 148اور Bکے تحت 328 درخواستیں داخل کی گئیں۔ پہلے زمرہ میں 70سال سے زائد عمر کے عازمین شامل ہیں جبکہ دوسرے زمرہ میں مسلسل تین مرتبہ قرعہ اندازی میں انتخاب سے محروم عازمین نے درخواست داخل کی ہے۔

ان درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر ہی منتخب کرلیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 12درخواستوں کو مسترد کردیا گیا کیونکہ وہ درخواست گذار گذشتہ سال حج کی سعادت حاصل کرچکے ہیں۔ 52درخواستوں میں نقائص پائے گئے ہیں۔ متعلقہ افراد کو طلب کرتے ہوئے انہیں درست کیا جائے گا۔ حج کمیٹی کی جانب سے حج ہاوز میں عوام کی سہولت کیلئے علحدہ کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ درخواستوں کی اجرائی اور وصولی کے علاوہ ایک کاؤنٹر درخواستوں کو چیک کرنے کیلئے ہے تاکہ کوئی خامی نہ رہے۔ بعض رضاکارانہ تنظیموں کے والینٹرس بھی درخواستوں کی خانہ پُری میں تعاون کررہے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور روزانہ درخواستوں کی اجرائی اور وصولی کے مراکز کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔