سیاست میں شائع خبر کا اثر ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کا دورہ
حیدرآباد۔/22جنوری، ( سیاست نیوز) حج ہاوز نامپلی میں واقع احمد شریف لائبریری کی زبوں حالی کے سلسلہ میں روز نامہ سیاست میں شائع شدہ خبر پر حکام نے فوری توجہ مبذول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ لائبریری کا معائنہ کیا اور اس کی زبوں حالی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے لائبریری میں موجود قدیم اور نادر کتابوں کے مطالعہ سے عوام کو محروم رکھنے پر ناراضگی جتائی۔ جناب جلال الدین اکبر نے تمام تفصیلات حاصل کرنے کے بعد اس لائبریری کو ترقی دینے اور ریسرچ کرنے والے اسکالرس کیلئے قدیم و نادر کتابوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رزاق منزل وقف اراضی پر حج ہاوز کی عمارت تعمیر کی گئی ہے اور اس اراضی کے منشائے وقف میں لائبریری کا قیام بھی شامل ہے۔ جناب احمد شریف مرحوم کی لائبریری کے ذخیرہ کو ایک جگہ کرتے ہوئے حج ہاوز میں ایک ہال لائبریری سے موسوم کردیا گیا لیکن کتابوں کے مطالعہ کی کسی کو اجازت نہیں۔ سیاست کی جانب سے رپورٹ کی اشاعت کے بعد اسپیشل آفیسر وقف بورڈ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے لائبریری کو باقاعدہ دیگر عصری لائبریز کی طرز پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے لائبریرین اور دیگر دو ملازمین کے تقرر کی ہدایت دی تاکہ اس کا نظم بہتر بنایا جاسکے۔ اسپیشل آفیسر لائبریری کی ترقی کیلئے اردو اکیڈیمی سے اشتراک کے خواہاں ہیں۔ اگر اردو اکیڈیمی اس لائبریری کو اپنے کنٹرول میں لینے تیار ہو تو اسے اردو اکیڈیمی کے حوالے کردیا جائے گا تاکہ اکیڈیمی کی نگرانی میں یہ لائبریری عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ نادر و نایاب کتابوں کے مطالعہ کی سہولت کے علاوہ ان کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس بات کی تجویز ہے کہ نادر کتابوں کو کمپیوٹرائز کرتے ہوئے دنیا بھر میں آن لائن مطالعہ کیلئے دستیاب رکھا جائے۔ واضح رہے کہ لائبریری میں صرف ایک اٹنڈر موجود ہے اور مختلف زبانوں کے پانچ اخبارات کے سوا مطالعہ کیلئے کچھ نہیں۔ لائبریری کیلئے مختص ہال بھی موزوں نہیں ہے جہاں لوگ آسانی سے نہیں پہنچ سکتے۔ حج ہاوز پہنچنے والے افراد کو اس بات کا علم نہیں کہ اس عمارت میں کوئی لائبریری کا وجود بھی ہے۔