حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی حج ہاؤز نامپلی پر آج دو لاوارث بیاگوں کے سبب کچھ دیر کیلئے سنسنی پھیل گئی۔ ایک ایسے وقت جبکہ حج ہاؤز سے عازمین حج کے قافلے روانہ ہورہے ہیں۔ لاوارث بیاگوں کی موجودگی سے سکیورٹی ایجنسیوں کی چوکسی کی قلعی کھل گئی۔ تاہم والینٹرس اور عملہ کی فوری چوکسی کے سبب بم اسکواڈ کے ذریعہ تلاشی لی گئی۔ بعدازاں سکیورٹی عہدیداروں نے چین کی سانس لی۔ اس دوران حج ہاؤز میں کچھ دیر کیلئے خوف کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دو بیاگس عازمین حج کے ہی تھے جو اپنا سامان منتقل کرنے کے دوران بھول گئے تھے اور اس وقت کثیر تعداد میں موجود والینٹرس بھی اس پر توجہ نہیں کرسکے اور نہ ہی سکیورٹی پر تعینات پولیس عملہ کی ان پر نظر پڑی۔ ان بیاگس میں عازمین حج کا ضروری سامان تھا جو عازمین کے حوالے کردیا گیا۔