حج کے موقع پر منیٰ سانحہ میں تلنگانہ کی مزید ایک حاجی جاں بحق

کونسلیٹ جنرل جدہ سے تازہ فہرست کی اجرائی ، تاحال جملہ 14 حجاج کا انتقال
حیدرآباد ۔ 7۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حج کے موقع پر منیٰ میں پیش آئے بھگدڑ کے سانحہ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی ایک اور خاتون حاجی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ کونسلیٹ جنرل جدہ کی جانب سے جاں بحق ہونے والے ہندوستانی حجاج کرام کی جو تازہ ترین فہرست جاری کی گئی، اس میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی محترمہ حنا فاطمہ کا نام شامل ہے جو ریاض میں مقیم تھیں اور اپنے شوہر کے ساتھ حج کی ادائیگی کیلئے پہنچی تھیں۔ مقامی اقامہ ہولڈر اس خاتون عازم کے رشتہ دار نے میت کی شناخت کی ہے۔ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے ہندوستانی حجاج کرام کی تعداد 81 تک پہنچ چکی ہے۔ ان میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کی تعداد 4 ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی  پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ منیٰ سانحہ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 4 حجاج کرام میں ایک کا تعلق حج کمیٹی سے ہے جبکہ ایک خانگی ٹور آپریٹر کے ذریعہ روانہ ہونے والے حاجی ہیں۔ مابقی دو مقامی اقامہ ہولڈر ہیں لیکن ان کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 14 حجاج کرام کا انتقال ہوا جن میں 10 حجاج کرام جن کا تعلق حج کمیٹی سے ہے، طبیعت بگڑنے سے انتقال کر گئے  جبکہ 2 حجاج کرام کرین سانحہ میں جاں بحق ہوئے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 14 اکتوبر سے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا آغاز ہوگا جس کیلئے حج ٹرمینل میں تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ حج کمیٹی کے عہدیدار بہت جلد حج ٹرمینل کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کو قطعیت دیں گے۔ 14 تا 20 اکتوبر ایر انڈیا کی  16 فلائیٹس مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچیں گی جبکہ 15 حجاج کرام ایر انڈیا کی ریگولر فلائیٹ سے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک 3400 حجاج کرام مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں اور آج دو فلائیٹ کے 680 حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور مدینہ منورہ میں موسم کافی خوشگوار ہے۔ خادم الحجاج نے تلنگانہ حج کمیٹی کو حجاج کرام کی خیریت کے بارے میں اطلاع دی۔ خادم الحجاج کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوںکی پوری دیانتداری کے ساتھ تکمیل کریں۔