سینکڑوں افراد ہنوز لاپتہ ، مملکتی وزیر خارجہ کی آمد
نئی دہلی ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سعودی حکام نے حج کے موقع پر بھگدڑ میں مزید اموات کے اعلان کے ساتھ جاں بحق ہندوستانیوں کی تعداد آج 74 تک پہنچ گئی ہے ۔ جب کہ سینکڑوں افراد کا ہنوز اتہ پتہ معلوم نہیں ہوسکا ۔گذشتہ 25 سال کے دوران پیش آئے المناک واقعہ میں بھاری تعداد میں انسانی جانوں کا اتلاف ہوا ہے ۔ بھگدڑ واقعہ کے بعد سے سینکڑوں ہندوستانی اور دیگر ممالک کے شہری ہنوز لاپتہ ہیں ۔ جو کہ مقدس شہر مکہ مکرمہ میں 24 ستمبر کوپیش آیا تھا ۔ قبل ازیں وزیر خارجہ سشما سوراج نے بتایا تھا کہ 78 ہندوستانی لاپتہ ہیں اور حکومت ان کی تلاشی کیلئے ممکنہ کوشش کریگی تاہم غیر ملکی عہدیداروں اور میڈیا نے بھگدڑمیں شہدا کی تعداد 1,036 بتائی ہے ۔ وزیر خارجہ کی ہدایت پر مملکتی وزیر خارجہ مسٹر وی کے سنگھ سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں تاکہ لاپتہ ہندوستانیوں کی تلاش کے لیے مقامی حکام کے ساتھ تال میل قائم کیا جاسکے ۔۔