حج کے جذبہ کو زندگی بھر برقرار رکھنے کا عازمین کو مشورہ

حیدرآباد۔ یکم جون (پریس نوٹ) آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیراہتمام آج پہلے تربیتی کیمپ کے انعقاد کے ساتھ ہی ریاست بھر کے عازمین کے لئے مؤثر اور جامع تربیتی پروگرام کا آغاز ہوگیا۔ جناب شیخ محمد اقبال آئی پی ایس کمشنر محکمہ اقلیتی بہبود نے اس کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے عازمین سے خواہش کی کہ وہ مقدس فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جب وطن واپس ہوں تو دین کا جذبہ ساتھ لے کر لوٹیں اور زندگی بھر اس جذبہ کو اپنے اندر سموئے رکھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین حج سفر کے دوران کسٹمس، ایرلائنز وغیرہ کے قواعد کو ملحوظ رکھیں تاکہ انھیں کسی قسم کی پریشانی اور سُبکی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نہ صرف ملک میں عازمین کرام کو سہولتیں فراہم کرتی ہے بلکہ سعودی عرب میں حجاج کرام کی مدد اور رہنمائی کے لئے خادم الحجاج بھی تعینات کرتی ہے۔ اُنھوں نے عازمین کرام سے درخواست کی کہ وہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعائیںکریں۔ یہ کیمپ ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال واحد نگر ملک پیٹ میں منعقد ہوا جس میں عازمین کی کثیر تعداد شریک رہی۔ خواتین کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ اسپیشل آفیسر اے پی اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ حج کمیٹی عازمین کو گزشتہ کے مقابلہ میں اس سال اور بھی بہتر سہولتیں فراہم کرے گی۔

اُنھوں نے کہاکہ اللہ کی راہ میں جانے والے اللہ کے مہمانوں کے لئے اب سفر اور قیام و طعام کی سہولتیں بہت بہتر ہوگئی ہیں۔ پہلے پانی کے جہازوں کے ذریعہ 40 دن کا سفر ہوا کرتا تھا مگر اب چار گھنٹے میں جدہ پہنچ سکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حج کمیٹی عازمین کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ عازمین کو سیل فون کے سم کارڈس فراہم کئے جاتے ہیں جن میں حیدرآباد کے ذمہ دار حکام کے علاوہ سعودی عرب میں تمام متعلقہ خدمات اور حکام کے نمبر درج ہوتے ہیں۔ ضرورت کے وقت عازمین ان نمبروں پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر 300 عازمین کے لئے ایک خادم الحجاج کو تعینات کیا جاتا ہے اور روانگی سے قبل عازمین سے ان کا تعارف کروایا جاتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اس سال حرم شریف کے توسیعی پروگرام کے باعث ریاستی حج کمیٹی کے کوٹہ میں بھی 20 فیصد کی کٹوتی کی گئی ہے۔ چنانچہ اس سال 5380 کا کوٹہ الاٹ ہوا اور اب ویٹنگ لسٹ کے تحت مزید 200 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔

اُنھوں نے کہاکہ فریش زمرہ میں 3904 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ محفوظ زمروں میں 1476 عازمین منتخب ہوئے۔ ان میں سے 17 عازمین نے عزم حج منسوخ کردیا۔ ان زمروں میں 28 این آر آئی ہیں۔ جبکہ قرعہ میں منتخب عازمین میں 51 نے اپنا سفر منسوخ کردیا۔ اس زمرہ میں 89 این آر آئیز شامل ہیں۔ جناب عبدالحمید ایگزیکٹیو آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی نے خیرمقدم کرتے ہوئے سفر حج اور مناسک سے متعلق ضروری اُمور کی وضاحت کی۔ مولانا خواجہ نذیرالدین سبیلی نے مناسک حج و عمرہ بیان کئے اور مولانا مفتی ابوبکر نے آداب زیارت روضۂ نبوی صلی اللہ علیہ و سلم بیان کئے۔ کارروائی کا آغاز حافظ نعیم کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ حافظ محمد انصار انور نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ جناب ایم اے رؤف خان نے کارروائی چلائی اور اے پی آر او جناب ایم اے رفیع قریشی نے شکریہ ادا کیا۔ جناب عرفان شریف اے ای او نے انتظامات کی نگرانی کی۔