حج کیمپ 2018 ء کا 29 جولائی کو آغاز، یکم اگست سے پروازیں

10 جولائی تک حج ہاؤز کی عمارت رہائش کیلئے حوالے، عازمین کی وداعی سیلر سے عمل میں آئے گی ، وقف اور حج کمیٹی کے ذمہ داروں نے جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون (سیاست نیوز) حج کیمپ 2018 ء کا 29 جولائی کو آغاز ہوگا اور یکم اگست سے عازمین حج کی پروازیں شروع ہوں گی۔ حج ہاؤز نامپلی میں کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے صدورنشین اور عہدیداروں نے آج عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم ، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ شاہنواز قاسم آئی پی ایس اور مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایم اے وحید آئی ایف ایس نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ حج ہاؤز کے تمام 11 فلورس کا دورہ کرتے ہوئے عازمین حج کی رہائش کی سہولتوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہر منزل پر موجود رہائشی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ حج 2018 ء کیلئے یکم تا 16 اگست سعودی ایرلائینس کی 26 پروازیں رہیں گی۔ روزانہ تین فلائیٹس کے ذریعہ 900 عازمین حج سعودی عرب کیلئے پرواز کریں گے ۔ ہر فلائیٹ میں 300 عازمین کی گنجائش رہیں گی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین جدہ روانہ ہوں گے۔ انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ 10 جولائی تک حج ہاؤز کی عمارت تلنگانہ حج کمیٹی کے حوالے کردی جائے تاکہ رہائش کے سلسلہ میں انتظامات شروع کئے جاسکیں۔ 10 جولائی تک عمارت میں درکار تعمیر و مرمت کے کام مکمل کرلئے جائیں گے۔ جاریہ سال ایک اہم تبدیلی کی جارہی ہے جس کے تحت حج ہاؤز کی عمارت کے سیلر سے عازمین حج کی وداعی عمل میں آئے گی۔ گزشتہ برسوں عمارت سے متصل کھلی اراضی پر مختلف محکمہ جات کا آپریشن زون اور وداعی اسٹیج سجایا جاتا رہا۔ اس بار چیف منسٹر کے پروگرام کو چھوڑ کر دیگر تمام قافلے سیلر سے روانہ کئے جائیں گے اور مختلف محکمہ جات کے کاؤنٹرس بھی سیلر میں قائم کئے جائیں گے ۔ حج کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عازمین حج کے لئے زیر تعمیر کامپلکس کا استعمال کرنے کے بجائے کھلی اراضی پر واٹر پروف شیڈ تعمیر کرتے ہوئے رہائش کا انتظام کیا جائے۔ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے زیر تعمیر عمارت میں رہائش فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے زیر تعمیر عمارت کا ایک فلور رہائش کیلئے تیار رکھا جائے گا۔ حج کیمپ میں غذا کی سربراہی ، سپلائینگ کمپنی اور مینٹننس کے انتظامات کے سلسلہ میں جلد ہی ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ ٹنڈر کمیٹی کی تشکیل کیلئے حکومت سے سفارش کی گئی ہے۔ کیمپ کے انعقاد کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے ساتھ جائزہ اجلاس توقع ہے کہ 12 جولائی کو منعقد ہوگا ۔ 26 سے زائد محکمہ جات کے نمائندے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ عہدیداروں نے فیصلہ کیا کہ حج ہاؤز میں خانگی اداروں کے دفاتر کو خالی کرایا جائے تاکہ عازمین کی رہائش کیلئے زائد گنجائش فراہم ہو۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی حج کیمپ میں بہتر انتظامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حج کیمپ میں موثر انتظامات کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمنل میں لگیج کی منتقلی کے علاوہ بارش سے بچاؤ کے انتظامات اور نماز گاہ کی تعمیر جیسے امور پر جی ایم آر سے نمائندگی کی جائے گی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے کہا کہ ہر سال کی طرح حیدرآباد کا حج کیمپ نمبر 1 مقام حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہم کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔