حج کیمپ کا آج سے آغاز ، 14 ستمبرکو پہلی پرواز

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی آج انتظامات کا جائزہ لیں گے ، اسپیشل آفیسر ایس اے شکور کا بیان

حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) حج کیمپ2014کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور کل 12ستمبر سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین جو 14ستمبر کی پہلی فلائیٹ سے پرواز کریں گے وہ 48گھنٹے قبل یعنی کل حج کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔ سعودی ایر لائنز کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج جدہ کیلئے پرواز کریں گے۔ اس کے علاوہ کرناٹک کے بعض شہروں سے تعلق رکھنے والے عازمین بھی حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوں گے۔ اسی دوران سنٹرل حج کمیٹی نے مزید 886 عازمین حج کے سفر کو منظوری دی ہے جن کا ویٹنگ لسٹ سے انتخاب کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ ویٹنگ لسٹ سے مزید عازمین حج کے سفر کی بھی منظوری حاصل ہوسکتی ہے کیونکہ جموں کشمیر میں زبردست سیلاب کے باعث عازمین حج کی پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کل جمعہ کے دن حج کیمپ کا دورہ کریں گے اور انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ اس کے بعد وہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچ کر حج ٹرمنل کا معائنہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ( آئی اے ایس) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر ( آئی ایف ایس) اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور موجود رہیں گے۔ مختلف محکمہ جات خاص طور پر سعودی ایرلائنز، جی ایم آر، کسٹمس، ایمیگریشن، ایر پورٹ اتھارٹی اور پولیس کے عہدیدار بھی حج ٹرمنل کے معائنہ کے موقع پر موجود رہیں گے۔ اسی دوران ایرپورٹ سیکورٹی، پولیس، آر اینڈ بی اور آر ٹی سی کے اعلیٰ عہدیداروں نے آج حج ہاوز پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کے ابھی تک 714عازمین کے ناموں کو منظوری حاصل ہوئی تھی لیکن آج یہ تعداد بڑھ کر 886 ہوگئی ہے۔ حج کمیٹی نے ویٹنگ لسٹ کے حساب سے 1000تک کے عازمین کے پاسپورٹ طلب کئے ہیں تاکہ مزید منظوری کی صورت میں فوری طور پر ان عازمین کے سفر کا انتظام کیا جاسکے۔ حج کمیٹی کیلئے 5379 کا کوٹہ مقرر کیا گیا تھا۔ مرکزی کوٹہ اور محرم زمرہ کے تحت 33 عازمین کے سفر کو منظوری حاصل ہوئی۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 605عازمین نے اپنا سفر منسوخ کردیا۔ اس کے علاوہ کرناٹک کے بیدر، گلبرگہ، رائچور، اودگیر اور یادگیر کے 771 عازمین حیدراباد سے روانہ ہوں گے۔ اس طرح جملہ 6036 عازمین حج حیدرآباد سے پرواز کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ سے منظوری حاصل ہونے والے عازمین کے پاسپورٹس ویزا انڈارسٹمنٹ کیلئے روانہ کئے جاچکے ہیں۔