حج کیمپ میں عازمین حج کیلئے نقائص سے پاک انتظامات

ٹیکہ اندازی کیمپ کا افتتاح، ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ، رکن پارلیمنٹ بنڈارودتا تریہ اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے حج 2018 ء کے منتخب عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ کا حج ہاؤز میں افتتاح کیا ۔ حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے عازمین کیلئے حج ہاؤز میں ٹیکہ اندازی کی سہولت رہے گی جبکہ اضلاع میں متعلقہ حج سوسائٹیز کی جانب سے 18 جولائی سے کیمپس کا آغاز ہوگا۔ ایام حج کے دوران مختلف عوارض سے محفوظ رکھنے کیلئے ٹیکہ اندازی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے ٹیکہ اندازی کی اہمیت اور افادیت بیان کی ۔ انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پر 150 سے زائد ممالک کے افراد موجود رہتے ہیں لہذا کسی بھی وبائی مرض کو پھیلنے سے روکنے کیلئے حکومت سعودی عرب نے ٹیکہ اندازہ کو لازمی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج اپنی صحت کا خاص خیا ل رکھیں کیونکہ بہتر صحت کے ساتھ مناسک حج کی بہتر ادائیگی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کے سلسلہ میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہمیشہ عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کی ہدایت دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حاجی اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور ان کی خدمت کسی اعزاز سے کم نہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عازمین حج سے اپیل کی کہ کعبۃ اللہ پر پہلی نظر پڑھتے ہی سب سے پہلے اپنے اور اپنے اہل و عیال کے حق میں دعا کریں۔ اس کے بعد تلنگانہ کی ترقی چیف منسٹر کی صحت اور ٹی آر ایس کے اقتدار کے لئے دعا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کی برقراری کیلئے بھی دعا کی جا ئے۔ محمود علی نے ہجومی تشدد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ دنوں بیدر میں حیدرآبادی نوجوان کی ہلاکت کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات افسوسناک ہے۔ ملک کے حالات دن بہ دن بگڑتے جارہے ہیں، ہمیں بھائی چارہ کو برقرار رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کے سلسلہ میں بجٹ کی اجرائی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اگر چار کروڑ کی جگہ 6 کروڑ بھی خرچ ہوتے ہیں تو حکومت جاری کرے گی ۔ تاہم انتظامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری میں تلنگانہ ملک کیلئے مثال ہے۔ لوگ پہلے نظام سرکار کو یاد کرتے تھے لیکن آج کے سی آر کو یاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال حج کوٹہ میں اضافہ کی مساعی کی جارہی ہے ۔ حیدرآبادی رباط میں 1286 عازمین کے قیام کا اانتظام کیا گیا ہے۔ ناظر رباط حسین شریف نے سابق کی طرح تین وقت کا کھانا فراہم کرنے کے سلسلہ میں اندرون 10 یوم فیصلہ کرنے کا تیق ن دیا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ سکندرآباد اور سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے منتخب عازمین حج کو مبارکباد دی اور کہا کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے اور ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ فریضہ کی تکمیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان سے ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد عازمین جاریہ سال سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے خواتین کی روانگی کیلئے شرائط میں نرمی کی ہے۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے دعا کریں۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ عازمین حج اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور انہیں عبادتوں کے اہتمام میں دلجوئی رکھنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر سال بہتر سے بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ حج کمیٹی اور وقف بورڈ بہتر تال میل کے ذریعہ حج کیمپ میں عازمین کی خدمت کریں گے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ ملک اور ریاست کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعاء کریں ۔ انہوں نے چیف منسٹ اور ڈپٹی چیف منسٹر کی صحت اور درازی عمر کے لئے دعا کی اپیل کی ۔ اس مو قع پر رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین کے علاوہ حج کمیٹی کے ارکان عارف احمد، ڈاکٹر عقیل ہاشمی ، محمد شفیع، عارف الدین ، ابو طلحہ امجد اور کارپوریٹر ممتا گپتا موجود تھے۔ موجود تھے ۔ اگزیکیٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے خیرمقدم کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر نے بعض عازمین کو دوا پلائی ۔