حج کیمپ انتظام اور کارکردگی کا جائزہ ، ڈپٹی چیف منسٹر کا جمعرات کو دورہ

عازمین کے طعام ٹنڈرس کی منظوری ، 30 اگست کو تمام محکمہ جات کا اجلاس ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اگست (سیاست نیوز) حج کیمپ 2014 ء کے انتظامات کی تیاریوں کے سلسلہ میں 30 اگست کو تمام محکمہ جات کا مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں کسٹمس ، ایمگریشن ، سعودی ایرلائینز ، جی ایم آر ، اقلیتی بہبود ، پولیس ،گریٹر حیدرآباد مجلس بلدیہ ، واٹر ورکس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں 12 ستمبر سے شروع ہونے والے حج کیمپ کے انتظامات کو قطعیت دی جائے گی ۔ عازمین حج 12 ستمبر سے حج ہاؤز میں رپورٹنگ کا آغاز کریں گے اور 14 ستمبر کو پہلی فلائیٹ روانہ ہوگی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج ہاؤز کے علاوہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حج ٹرمینل کے انتظامات کو بھی قطعیت دی جائے گی ۔ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کا یہ مشاورتی اجلاس اہمیت کا حامل ہے کیونکہ حج قافلوں کی روانگی کے موقع پر عازمین حج کو کسی بھی تکلیف سے بچانے کیلئے حج کمیٹی اقدامات کر رہی ہے۔ اضلاع کے عازمین حج 48 گھنٹے قبل حج کیمپ میں پہنچ جائیں گے اور ان کے لئے قیام و طعام کے معقول انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی جمعرات کو حج ہاؤز کا دورہ کریں گے اور حج کیمپ کے علاوہ مختلف اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے ۔ اسی دوران حج کمیٹی نے آج چار اہم امور کے سلسلہ میں ٹنڈرس کو قطعیت دیدی ہے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور ، اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے حمید اور حکومت کے دو نمائندوں کی موجودگی میں ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں آئی۔ عازمین حج کیلئے طعام کے سلسلہ میں تین ٹنڈرس داخل کئے گئے جن میں مصطفی کیٹرس کے ٹنڈر کو منظوری دی گئی۔ انہیں فی عازم روزانہ 190 روپئے ادا کئے جائیں گے ، جس میں ناشتہ ، لنچ اور ڈنر کے علاوہ دو مرتبہ چائے فراہم کی جائے گی ۔ گزشتہ سال اسی ادارہ نے یومیہ 195 روپئے میں طعام کا انتظام کیا تھا۔ سپلائینگ کمپنی کے لئے تین ٹنڈرس داخل کئے گئے ہیں جس میں حیدرآباد سپلائینگ کمپنی کو منظوری دی گئی جنہوں نے 7.50 لاکھ روپئے میں انتظامات سے اتفاق کیا ۔ گزشتہ سال اسی کمپنی نے 8.40 لاکھ میں انتظامات کئے تھے۔ حج کیمپ اور حج ہاؤز کے مینٹننس کے سلسلہ میں چار ٹنڈرس داخل کئے گئے جن میں اے ایم ایچ کمپنی کو 3.80 لاکھ روپئے میں منظوری دی گئی۔ گزشتہ سال اسی کمپنی نے اتنی ہی رقم میں انتظامات کئے تھے۔ مینٹننس کے سلسلہ میں عازمین حج کے تمام کمروں کی صفائی اور وقتاً فوقتاً چادروں کی تبدیلی ، ٹائلیٹس اور باتھ روم کی صفائی اور برقی کے مینٹننس کے کام شامل رہیں گے۔ سپلائینگ کمپنی کے تحت واٹر پروف ٹنٹ کے علاوہ عازمین کے ڈائننگ ہال میں فلورنگ اور حج ہاؤز میں مختلف کاؤنٹرس کی تیاری جیسے امور شامل رہیں گے۔