حج کمیٹی کے ارکان کی سٹنگ فیس میں اضافہ کی تجویز مسترد

سکریٹری اجئے مشرا کا حج کمیٹی کو مکتوب
حیدرآباد۔17 مئی (سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ حج کمیٹی کے ارکان کی سٹنگ فیس میں اضافے سے متعلق تجویز کو مسترد کردیاہے۔ اس سلسلہ میں اسپیشل چیف سکریٹری و انچارج محکمہ اقلیتی بہبود اجئے مشرا نے ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی کو میمو روانہ کرتے ہوئے فیصلے سے واقف کروایا۔ اجئے مشرا نے کہا کہ حکومت نے جی او آر ٹی 90 مورخہ 12 اپریل 2018ء کے ذریعہ تلنگانہ حج کمیٹی کے ارکان کی سٹنگ فیس 3 ہزار روپئے مقرر کی ہے۔ ایگزیکٹیو آفیسر اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی نے حکومت سے سفارش کرتے ہوئے سٹنگ فیس کو 3 ہزار سے بڑھاکر 10 ہزار کرنے کی تجویز پیش کی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ سٹنگ فیس میں اضافہ ممکن نہیں ہے اور یہ تجویز حق بجانب نہیں۔ لہٰذا حکومت یہ تجویز مسترد کرتی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے سٹنگ فیس کو 3 ہزار سے بڑھاکر 10 ہزار کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر ایگزیکٹیو آفیسر نے 21 فروری 2019ء کو حکومت کو یہ تجویز روانہ کی تھی۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی کو اپنے طور پر سٹنگ فیس میں اضافے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ایگزیکٹیو آفیسر بھی اس سلسلہ میں فیصلے کے مجاز نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ جی او آر ٹی 90 کے تحت ارکان کو میٹنگ میں شرکت کے لیے ٹراویلنگ الائونس کے طور پر سیکنڈ کلاس ریلوے سلیپر کوچ یا ہائی ٹیک بس کا کرایہ دیا جاتا ہے۔ اضلاع کے ارکان کو روزانہ 300 اور شہر کے ارکان کو 500 روپئے ادا کیئے جائیں گے۔ لاڈجنگ کے چارجس اضلاع کے ارکان کے لیے 500 روپئے مقرر کئے گئے۔ اس کے علاوہ سٹنگ فیس شہر اور اضلاع کے ارکان کے لیے مساوی طور پر 3 ہزار روپئے مقرر کی گئی۔ ایم دانا کشور نے سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے یہ جی او جاری کیا تھا۔ سٹنگ فیس میں اضافے کی تجویز کو حکومت کی جانب سے مسترد کیئے جانے پر حج کمیٹی ارکان میں مایوسی پائی جاتی ہے۔