حج کمیٹی سے مزید 350 عازمین جدہ روانہ

تاحال 5450 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے، حافظ پیر شبیر احمد اور اے کے خان نے جھنڈی دکھائی
حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) ویٹنگ لسٹ سے منتخب کئے گئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے 85 عازمین حج 29ستمبر کو ممبئی سے جدہ روانہ ہوں گے۔ عازمین کی تعداد کم ہونے کے باعث سعودی ایر لائنس نے ممبئی سے فلائیٹ کے اہتمام کا فیصلہ کیا جہاں سے 9ریاستوں کے عازمین روانہ ہوں گے جن کا انتخاب ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ کیا گیا۔ ریاستی حج کمیٹی کیلئے جو 18فلائیٹس الاٹ کی گئی تھیں ان سے 6050 عازمین حج روانہ ہورہے ہیں لہذا ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو ممبئی سے روانگی کا فیصلہ کیا گیا۔ ریاستی حج کمیٹی نے 85 عازمین کی ممبئی روانگی کا انتظام کیا جن میں سے بعض اپنے طور پر ممبئی روانہ ہوگئے۔ حج کمیٹی نے آر ٹی سی کی تین خصوصی بسوں کا اہتمام کیا تھا جس کے ذریعہ 63عازمین آج حج ہاوز سے ممبئی روانہ ہوگئے۔ حج ہاوز میں 12بجے دن اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے تین خصوصی بسوں کو روانہ کیا۔ حج کمیٹی ان بسوں کے اخراجات برداشت کرے گی، اس کے علاوہ سفر کے دوران دو وقت کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ان عازمین کو ممبئی حج ہاوز میں قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی اور وہاں ان کے کھانے کا انتظام حج کمیٹی کرے گی جس کیلئے فی عازم 150روپئے سنٹرل حج کمیٹی کو ادا کئے جائیں گے۔ ہر بس میں ایک ڈاکٹر، نرس، ہوم گارڈ اور حج کمیٹی کے دو ملازمین کو رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ضرورت پر فوری طبی امداد فراہم کرسکیں۔ عازمین حج کے رشتہ داروں کو بھی ممبئی لے جایا جارہا ہے جو عازمین کی روانگی تک حج ہاوز میں قیام کریں گے۔ عازمین حج کے رشتہ داروںکو اپنے طور پر حیدرآباد واپس ہونا پڑیگا جبکہ طبی عملہ اور حج کمیٹی کے ملازمین کے سفری اخراجات ریاستی حج کمیٹی برداشت کرے گی۔ خصوصی بسوں کی روانگی کے موقع پر عازمین حج نے حج کمیٹی کی جانب سے ان کی روانگی کے انتظامات کئے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ایک بس کا خرچ تقریباً 72ہزار روپئے ہوگا اور طعام کے انتظامات پر 25ہزار کے خرچ کا اندازہ ہے۔ اس طرح عازمین حج کی روانگی اور دیگر انتظامات پر ریاستی حج کمیٹی تقریباً 2.5لاکھ روپئے خرچ کرے گی۔ ویٹنگ لسٹ کے یہ عازمین 29ستمبر کی صبح 3بجے ممبئی سے پرواز کریں گے۔