حج کمیٹی سے روانہ خاتون حاجی کا انتقال

ضلع محبوب نگر ناگر کرنول کی 56 سالہ حبیب بیگم کے قلب پر حملہ
حیدرآباد۔/29ستمبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی سے روانہ ہونے والی ایک خاتون حاجی کا آج مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا۔ ناگرکرنول ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھنے والی 56سالہ حبیب بیگم کا قلب پر حملہ کے باعث النور ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حبیب بیگم اپنے شوہر محمد نرنجن اور دیگر دو رشتہ داروں کے ساتھ عزیزیہ زمرہ میں 3ستمبر کو روانہ ہوئی تھیں اور ان کی واپسی 15اکٹوبر کو مقرر تھی۔ آج دوپہر اچانک طبیعت بگڑنے پر انہیں ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے سبب قلب پر حملہ ہوا ہے جو انتقال کا باعث بنا۔ ان کے ساتھ موجود ان کے شوہر اور دیگر رشتہ داروں سے پروفیسر ایس اے شکور نے بات چیت کی اور پرسہ دیا۔ انہوں نے خادم الحجاج کو تدفین کے انتظامات کی نگرانی کی ہدایت دی۔ اسپیشل آفیسر نے محبوب نگر میں مقیم حبیب بیگم کے رشتہ داروں سے بھی فون پر ربط قائم کیا۔ اسی دوران منیٰ میں پیش آئے سانحہ میں جاں بحق ایل بی نگر کی خاتون حاجی بی بی جان کی تدفین آج بعد نماز فجر مکہ مکرمہ میں عمل میں آئی۔ ایک مقامی مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اسی دوران بی بی جان کے ساتھ موجود تین رشتہ دار جلد حیدرآباد واپسی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹکٹ پر واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ مکہ شریف سے ہی واپس ہونا چاہتے ہیں اور ان کی واپسی کے انتظامات کیلئے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے کونسل جنرل جدہ اور حج مشن کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے دیگر تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور وہ مدینہ منورہ روانگی کی تیاری میں ہیں۔ 4اکٹوبر سے قافلوں کی مدینہ منورہ روانگی کا آغاز ہوگا۔