نئی دہلی 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے ہندوستانی حج پالیسی کو بہتر بنانے کے طریقہ کار اور سپریم کورٹ کے حکمنامہ 2012 ء کی روشنی میں عازمین کے لئے سبسیڈی کے مسئلہ کا جائزہ لینے پر ایک 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جبکہ عدالت نے سال 2022 ء تک حج سبسیڈی میں بتدریج کٹوتی کرتے ہوئے مکمل برخاست کردینے کا حکم صادر کیا تھا۔ سابق قونصل جنرل ہند برائے جدہ جناب افضل امان اللہ، اعلیٰ اختیاری کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ مرکزی مملکتی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے آج یہ اعلان کیا اور بتایا کہ بامبے ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج ایس ایس پارکر، سابق حج کمیٹی ہند کے صدرنشین قیصر شمیم، د دیگر ارکان ہوں گے۔