حیدرآباد ۔ 18 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج سیزن 2018 ء کے انتظامات کے سلسلہ میں 19 جولائی کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل کا معائنہ کیا جائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر اعلیٰ عہدیدار اس موقع پر موجود رہیں گے ۔ عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے موقع پر حج ٹرمنل میں دی جانے والی سہولتوںکا جائزہ لیا جائے گا۔ جی ایم آر کو گزشتہ سال کے مقابلہ مزید بہتر انتظامات کی ہدایت دی جائے گی ۔ گزشتہ تین برسوں سے حج کمیٹی ٹرمنل کو مکمل ایرکنڈیشنڈ بنانے اور سامان کی منتقلی کیلئے کنویئر بیلٹ کا مطالبہ کر رہی ہے۔ جی ایم آر کے حکام کوئی نہ کوئی بہانہ بناکر عازمین کو اس سہولت سے محروم رکھے ہوئے ہیں۔ سامان کی منتقلی کے سلسلہ میں مشکلات کا سامنا ہے اور والینٹرس کی موجودگی کے سبب عازمین کو کسی قدر راحت ملتی ہے۔ ٹرمنل کے باہر وزیٹرس کیلئے واٹر پروف ٹینٹ کی تعمیر ، فلائیٹ کی آمد اور روانگی سے متعلق اوقات کا ڈسپلے بورڈ ، پانی ، نماز کا انتظام اور موبائیل ٹائیلٹس کے سلسلہ میں توجہ دلائی جائے گی ۔ جی ایم آر کے علاوہ کسٹمس ، ایمگریشن ، سی آئی ایس ایف اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار اس دورہ میں شامل رہیں گے ۔ گزشتہ سال ٹرمنل سے گاڑیوں کے راستہ تک سمنٹ روڈ کی تعمیر کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ دیکھنا یہ ہے کہ جی ایم آر گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کے دعوے کو کس حد تک پورا کرے گا۔