حج مصارف کی پہلی قسط کی رقم ادا کرنے کی تاریخ میں توسیع

عازمین سے استفادہ کرنے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کی اپیل
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2015 کے لیے منتخب عازمین حج کی جانب سے حج مصارف کی پہلی قسط جمع کروانے کی آخری تاریخ میں 9 مئی 2015 تک توسیع کردی ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی نے یہ رقم ادا کرنے کے لیے آخری تاریخ 30 اپریل مقرر کی تھی ۔ تاہم بے شمار عازمین کسی نہ کسی وجہ سے پہلی قسط بروقت جمع نہ کرواسکے جس کی وجہ سے ان کا نام منسوخ ہوجانے کا اندیشہ پیدا ہوگیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ ان عازمین کو حج کے سنہری موقع سے محروم نہ ہونے کی خاطر مرکزی حج کمیٹی سے خواہش کی گئی تھی کہ وہ اس تاریخ میں کم از کم دس دن کی توسیع کرے تاکہ ان منتخب عازمین کو سہولت حاصل ہوسکے ۔ چنانچہ مرکزی حج کمیٹی نے مطلع کیا ہے کہ آخری تاریخ میں 9 مئی تک توسیع کی گئی ہے ۔ انہوں نے ایسے عازمین سے جو کسی وجہ سے رقم جمع نہیں کرواسکے ہیں اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے جلد سے جلد پہلی قسط کی رقم مبلغ 81,000 روپئے اسٹیٹ بنک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں جمع کروادیں اور پے ان سلپ کی ایک کاپی ، اپنے پاسپورٹ اور ایک عدد کلر فوٹو کے ہمراہ دفتر حج کمیٹی میں جمع کروادیں ۔ اس کے علاوہ ویٹنگ لسٹ کے تحت منتخب تلنگانہ کے 109 اور آندھرا کے 89 عازمین سے بھی اسی تاریخ تک رقم ادا کرنے اور پاسپورٹ جمع کروانے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال ریاست تلنگانہ سے جملہ 2580 عازمین نے اور ریاست آندھرا پردیش سے 1798 عازمین نے حج کمیٹی میں اپنے پاسپورٹ جمع کروادئے ہیں ۔ اس کے علاوہ جملہ 47 این آر آئیز نے ماہ جولائی میں پاسپورٹ جمع کروانے کے لیے درخواست دی ہے ۔۔