حیدرآباد۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2018 ء کے منتخب عازمین حج مصارف کی پہلی قسط کی ادائیگی کی تاریخ میں 12 فروری تک توسیع کردی گئی ہے۔پہلی قسط کی رقم 81 ہزار روپئے جمع کرنا ہے۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ منتخب عازمین پہلی قسط کی رقم بینک میں چالان یا پھر ای پیمنٹ کے ذریعہ ادا کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں رقم ڈپازٹ کرانے کیلئے بینک میں پیان کارڈ نمبر پیش کرنا ہوگا۔ اگر پیان کارڈ نہ ہوں تو فارم 60 کی خانہ پری کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جو عازمین مقررہ تاریخ میں پہلی قسط جمع نہیں کریں گے ، ان کی نشست منسوخ ہوجائے گی۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں جہاں کور بینکنگ کی سہولت حاصل ہیں، پہلی قسط جمع کرائی جاسکتی ہے۔ آن لائین ادائیگی کیلئے انٹرنیٹ بینکنگ ، ڈبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کیلئے حج کمیٹی کی ویب سائیٹ hajcommittee.gov.in پر ای پے منٹ آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین بینک میں رقم کی ادائیگی کے بعد بینک کی رسید کی ایک کاپی دفتر حج کمیٹی میں جمع کریں اور ایک کاپی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ بینک چالان اور ای پے منٹ کے وقت عازمین کو اپنا ریفرنس نمبر درج کرنا ہوگا۔ تمام عازمین کو بینک ریفرنس نمبر دیا گیا ہے۔ عام زمرہ کے تحت منتخب عازمین اپنا اصل پاسپورٹ ، ایک عدد فوٹو ، میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفکٹ لازمی طور پر داخل کریں جبکہ محفوظ زمرہ کے عازمین پاسپورٹ اور فوٹوز پہلے ہی جمع کرچکے ہیں۔ انہیں رقم کی رسید اور میڈیکل سرٹفکیٹ پیش کرنا ضروری ہے۔