حج عالم اسلام کے مسلمانوں کی ملی وحدت، اخوت، اجتماعیت و مساوات کا عظیم مظاہرہ

عازمین حج کے قافلے کی روانگی پر اجتماع، مولانا متین علی شاہ قادری کا خطاب

حیدرآباد۔/5اگسٹ، ( پریس نوٹ ) حج کے اس مبارک موقع پر تمام عالم اسلام کے مسلمانوں کی ملی وحدت، اخوت و اجتماعیت اور مساوات کا عظیم مظاہرہ ہوتا ہے۔ حج دراصل پیغام اتحاد ہے۔ یہاں بادشاہ و فقیر، وزیر و امیر، دولت مند ، حاجت مند سب برابر ہوتے ہیں ، تمام امتیازات ختم ہوجاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری خطیب عید گاہ گنبدان قطب شاہی نے کل حج ہاوز نامپلی میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام 300 عازمین حج پر مشتمل قافلے کی روانگی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حجاج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں اور حاجی کی دعا قبول ہوتی ہے۔ میدان عرفات میں لاکھوں حاجیوں کا ایک ہی لباس میں ملبوس ہوکر اللہ تعالیٰ کے حضور کھڑا ہونا دراصل میدان حشر میں اللہ کے سامنے حاضری کی یاد تازہ کرانے کیلئے ہے۔ مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ حج زندگی میں صرف ایک بار فرض ہے۔ زائرین روضہ اقدس ؐ کیلئے شفاعت کی بشارت ہے، روضہ اقدس کا احترام ہر مسلمان پر لازم ہے۔ جس نے حج کیا اور دربار نبیؐ پر حاضر دی اس کے لئے دو مقبول حج لکھے جاتے ہیں۔ جنت البقیع کی زیارت کریں جہاں بے شمار صحابہ کرامؓ ، اہلبیت اطہار ؓ، اور صالحین ؒ آرام فرما ہیں۔ آخر میں اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج کو سفر سے متعلق اہم معلومات فراہم کی۔ اس موقع پر صدر نشین حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں ، ارکان کمیٹی کے علاوہ محمدحبیب الدین حبیب زین العابدین، واجد حسین، مولانا شجاع الدین افتخاری بھی موجود تھے۔ آخر میں مولانا متین علی شاہ قادری نے دعا کی۔