حج سیزن کے موقع پر غلافِ کعبہ کو تین میٹر بلند کردیا گیا

مکہ مکرمہ ۔31 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہر سال حج کے سیزن میں یہ روایت رہی ہے کہ کیسویٰ (غلافِ کعبہ) کو زمین کی سطح سے تین میٹر اونچا کردیا جاتا ہے جبکہ سیاہ رنگ کے غلاف کعبہ کو زمین سے اونچا کرنے کے بعد چاروں طرف سے تقریباً دو میٹر چوڑے سفید کپڑے سے ڈھانپ دیاجاتا ہے ۔اس موقع پر کنگ عبدالعزیز کامپلکس کے ڈائرکٹر جنرل احمد المنصوری نے بتایاکہ غلافِ کعبہ کو زمین سے تین میٹر بلند اس لئے کردیا جاتا ہے تاکہ نہ صرف اُسے صاف ستھرا رکھا جاسکے بلکہ عازمین حج کی کثیرتعداد کیسویٰ کو چھونے کی کوشش بھی کرتی ہے جبکہ اُن میں سے کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو غلافِ کعبہ کا چھوٹا سا ٹکڑا کاٹ لینے سے بھی باز نہیں آتے تاکہ وہ اُسے اپنے پاس بطور تبرک رکھ سکیں۔ انھوں نے بتایا کہ کیسویٰ کی صاف صفائی اور تحفظ کے لئے ایک خصوصی ٹیم کام کررہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ حج سیزن کے اختتام پر کیسویٰ کو دوبارہ زمینی سطح تک چھوڑ دیا جائے گا ۔