حج سال 2013 کے عازمین ایرپورٹ یوزر چارجس سے محروم

چیف منسٹر کرن کمار کا وعدہ وفا نہ ہوسکا ، متعلقہ فائل پر تنازعہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون (سیاست نیوز) حج 2013 ء کے عازمین کو حکومت کے وعدہ کے مطابق آج تک ایرپورٹ یوزر چارجس کی رقم واپس نہیں کی گئی۔ 2013 ء میں اس وقت کے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے اعلان کیا تھا کہ حکومت ایرپورٹ یوزر چارجس کی 50 فیصد رقم ادا کرے گی اور حجاج کرام کی جانب سے ادا کی گئی رقم سے 50 فیصد انہیں واپس کردی جائے گی ۔ اگرچہ حکومت نے یہ وعدہ کیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اس وعدہ کی تکمیل کو مناسب نہیں سمجھا۔ بتایا جاتاہے کہ کرن کمار ریڈی دور میں اس مقصد کے لئے 74 لاکھ روپئے منظور کئے گئے تھے لیکن یہ رقم جاری نہیں کی جاسکی۔ آندھراپردیش کی تقسیم کی سرگرمیوں کے سبب محکمہ فینانس نے اس وقت بجٹ جاری نہیں کیا ، جس کے نتیجہ میں آج تک یہ مسئلہ زیر التواء ہے۔ 2013 ء میں حجاج کرام سے فی کس 1820 روپئے بطور یوزر چارجس ایرپورٹ حکام نے حاصل کئے تھے اور حکومت کے اعلان کے مطابق فی کس 910 روپئے واپس ادا کئے جانے تھے لیکن یہ معاملہ دفتریت کی نذر ہوگیا اور آج تک یہ فائل حکومت کی منظوری کی منتظر ہے۔ موجودہ حالات میں اس فائل کی منظوری کے کوئی امکانات نظر نہیں آتے۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے متعلقہ فائل کو اس لئے بھی حکومت کے پاس پیش نہیں کیا کیونکہ یہ تنازعہ برقرار ہے کہ کونسی حکومت یہ بجٹ جاری کرے۔ چونکہ حجاج کرام کا تعلق دونوں ریاستوں سے ہے لہذا حجاج کی تعداد کے اعتبار سے دونوں ریاستیں اگر اپنے اپنے حصہ کا بجٹ جاری کرتی ہیں تو فی کس 910 روپئے واپس کئے جاسکتے ہیں۔ اقلیتی بہبود کے ذرائع نے بتایا کہ اس مسئلہ پر دونوں حکومتوں اور عہدیداروں کو کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ لہذا دو سال کے بعد اس فائل کے دوبارہ منظر عام پر آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جاریہ سال سے عازمین حج کیلئے یوزر چارجس کی وصولی کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے ۔ تاہم چیف منسٹر کے اعلان کے باوجود 2013 ء کے حجاج کرام یوزر چارجس کی 50 فیصد رقم سے عملاً محروم ہوگئے۔