حج درخواست فارم داخل کرنے کی تاریخ میں 6 فبروری تک توسیع

اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا بیان ۔جملہ 13747 درخواستیں داخل
حیدرآباد۔/24جنوری، ( سیاست نیوز) حج 2017 کیلئے درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 6 فبروری تک توسیع کردی گئی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے پہلے طئے شدہ پروگرام کے مطابق 24جنوری یعنی آج آخری تاریخ تھی۔ 2جنوری سے حج فارمس کی اجرائی اور قبولیت کا آغاز ہوا تھا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے سنٹرل حج کمیٹی سے تاریخ میں توسیع کیلئے نمائندگی کی تھی جس پر آج رات حج کمیٹی نے 6 فبروری تک توسیع کے بارے میں اطلاع دی ہے۔ اس توسیع سے تلنگانہ کے درخواست گذاروں کو سہولت ہوگی جو حج ہاوز میں ہجوم کی شکل میں درخواستیں داخل کررہے تھے۔ درخواستوں کے ادخال کیلئے آج غیر معمولی ہجوم دیکھا گیا اور حج کمیٹی نے تقریباً 1000 ٹوکن جاری کئے تھے جن میں سے 600 افراد نے درخواستیں داخل کردیں جبکہ باقی افراد تاریخ میں توسیع کی اطلاع ملنے پر واپس ہوگئے اور وہ کل حج کمیٹی سے رجوع ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اب تک 13747 درخواستیں صرف حیدرآباد سے داخل کی گئی ہیں جن میں پہلے محفوظ زمرہ کے تحت 361 اور دوسرے محفوظ زمرہ کے تحت 1953 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ اضلاع سے موصول ہونے والی درخواستوں کا شمار بعد میں کیا جائے گا۔ درخواست گذاروں کے پاس انٹرنیشنل پاسپورٹ ہونا چاہیئے جو 6 فبروری 2017 یا اس سے قبل جاری کردہ ہو اور 28فبروری 2018 تک کارکرد رہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے درخواست گذاروں کی سہولت کیلئے 25 سے زائد کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ ایسے درخواست گذار جن کے پاسپورٹس کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہو ان کیلئے پروفیسر ایس اے شکور نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔