حج درخواست فارم داخل کرنے کی آج آخری تاریخ

عازمین سہولت سے استفادہ کریں ،پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔ 5 فروری ( سیاست نیوز) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اعلان کیا ہے کہ حج 2017 کے لئے درخواست داخل کرنے کی پیر 6 فبروری 2017 کو آخری تاریخ ہے ‘ اور جو عازمین فریضہ حج ادا کرنے کی خواہش رکھتے ہوں وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے فارم داخل کردیں ۔ ہر درخواست گذار کے ساتھ فی کس 300/- روپئے کی فیس اسٹیٹ بینک آف انڈیا  یا یونین بینک آف انڈیا کی ایسی برانچس میں جمع کروائی جائے جہاں کور بینکنگ کی سہولت موجود ہے ۔ یہ رقم اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعہ آن لائن بھی 5:00 بجے شام تک ادا کی جاسکتی ہے ۔ خواہشمند عازمین کے پاس 28 فبروری 2018 کی تاریخ تک کارکرد پاسپورٹ موجود ہو ‘ جو 6 فبروری 2017 ء یا اس سے قبل کا جاری کردہ ہو ۔ عازمین اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے پیر تک اپنے درخواست فارم دفتر حج کمیٹی میں داخل کردیں ۔ اس کے بعد تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جائیگی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواست فارم حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.hajcommittee.gov.in کے علاوہ اینڈ رائیڈ موبائیل ایپ ”HAJ COMMITTEE OF INDIA” سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں ۔ فارم داخل کرنے کے لئے فارم کی فوٹو کاپی بھی استعمال کی جاسکتی ہے ۔ فارم آن لائن داخل کرنے کی سہولت بھی میسر ہے ۔ 70 سال یا اس سے زائد عمر کے عازمین کے علاوہ چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے عازمین فارم کے ساتھ ہی اپنے اوریجنل پاسپورٹ اور ایک عدد فوٹو داخل کردیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال عازمین حج کے قیام کے لئے دو زمرے گرین اور عزیزیہ رکھے گئے ہیں ۔ گرین زمرہ کے عازمین کو پکوان کی اجازت نہیں ہے ۔ اسپیشل آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی نے مزید بتایا کہ محفوظ زمروں کے بعد بچ جانے والی نشستوں کے لئے قرعہ اندازی ہوگی ۔