دفتر سیاست میں خواتین کا حجامہ کیمپ ، سینکڑوں خواتین کا استفادہ ، ڈاکٹر افتخار جہاں کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( راست ) : ادارہ سیاست کی جانب سے منعقدہ حجامہ کیمپ برائے خواتین سے آج تقریبا 300 خواتین نے استفادہ کیا ۔ ماہر حجامہ لیڈی ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ کے زیر نگرانی حجامہ لیڈی ڈاکٹرز نے مریضوں کا معائنہ کیا ۔ جس میں تھائیرائیڈ ، عرق النساء ، جلد کے امراض ، جوڑوں کا درد ، کمر درد ، امراض نسواں ، درد شقیقہ کے مریض رجوع ہوئے ۔ دیگر مریضوں نے بھی اپنا علاج کروایا ۔ حجامہ کیمپ برائے خواتین میں آج ڈاکٹر افتخار جہاں بیگم ریٹائرڈ پرنسپل گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ انہوں نے اس کیمپ کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا اس طرح کے کیمپ جس میں سنت نبویؐ کو زندہ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے قابل تعریف ہے ۔ مختلف مریض جو کہنہ امراض میں مبتلا ہیں وہ نہ صرف اس کیمپ سے استفادہ کررہے ہیں بلکہ ڈاکٹروں کے حق میں دعاگو بھی ہیں ۔ جو اپنی خدمات فری میں دے رہے ہیں ۔ آج حجامہ کیمپ برائے خواتین میں ڈاکٹر الیزہ نے مہاراشٹرا سے شرکت کی ۔ آج اس کیمپ میں بودھن ، میدک ، محبوب نگر ، نظام آباد اور سنگاریڈی سے سینکڑوں خواتین نے استفادہ کیا ۔ امراض نسواں میں بھی حجامہ کے ذریعہ بہت اچھے نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے مریضوں کا معائنہ کیا ۔ لیڈی ڈاکٹرس میں ڈاکٹر سعدیہ کوثر ، ڈاکٹر کوثر فاطمہ ، ڈاکٹر سیدہ ثمینہ سلطانہ ، ڈاکٹر شاہین بانو ، ڈاکٹر زہرا خالدہ ، ڈاکٹر ہاجرہ ، ڈاکٹر نصرت سلطانہ ، ڈاکٹر سمیرہ رحمن ، ڈاکٹر ریشماں بانو ، ڈاکٹر ممتاز بیگم ، ڈاکٹر ممتاز جہاں ، ڈاکٹر رفعت نے شرکت کی ۔ مریضوں نے اگلا کیمپ بہت جلد منعقد کرنے کی خواہش کی ۔۔