اردو گھر میں مرد حضرات کا حجامہ کیمپ، حکیم صوفی محمد سلطان شطاری کے تاثرات
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر (راست) حکم صوفی محمد سلطان شطاری نے کہا کہ حجامہ انتہائی قدیم اور کامیاب طریقہ علاج ہے اور اس طریقہ علاج کو حضورؐ نے آج سے چودہ سو سال قبل خود حجامہ کروایا اور صحابہ کرام اور دوسروں کو حجامہ کروانے کا مشورہ دیا۔ حکیم صوفی محمد سلطان شطاری اردو گھر مغلپورہ میں ادارہ سیاست اور ڈاکٹر مجیب ہیلت کیر سنٹر کے زیراہتمام منعقدہ مرد حضرات کے حجامہ کیمپ کے موقع پر یہ بات کہی۔ ابتداء میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کیمپ نے بتایا کہ ادارہ سیاست کے زیراہتمام گذشتہ تین برسوں سے مرد حضرات اور خواتین کیلئے علحدہ علحدہ حجامہ کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس سے نہ صرف شہر حیدرآباد بلکہ اضلاع تلنگانہ اور پڑوسی ریاستوں کے لوگ بھی اس کیمپ سے استفادہ کررہے ہیں۔ صوفی سلطان شطاری نے کہا کہ نوجوان اطباء اگر ہر مرض میں حجامہ کے ذریعہ علاج کرتے ہوئے اس طریقہ علاج کو عام کرسکتے ہیں اور دنیا کے سامنے تحقیقی کام کے ذریعہ اس کو ثابت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست کی ملی، طبی، علمی، ادبی، سماجی اور تہذیبی پروگرامس پر اظہارخوشنودی کرتے ہوئے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان، منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خان، نیوزایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کی خدمات کو خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اس طرح کے کیمپ کے ذریعہ یونانی طریقہ علاج کو عام کریں گے۔ ماہر حجامہ کیمپ کا انعقاد عمل میں لارہے ہیں جس سے نہ صرف یونانی ریسرچ اسکالرس، ہاؤز سرجنس بلکہ اطباء بھی مہارت حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے ہر عام وخاص کو سنت کی روشنی میں حجامہ کروانے کا مشورہ دیا تاکہ وہ اس طریقہ سے اپنے جسم سے فاسد خون کو نکال کر ایک صحتمند زندگی گذار سکتے ہیں۔ ڈاکٹر ایم اے مجیب کی زیرنگرانی ڈاکٹر مزمل احمد، ڈاکٹرکلیم غوری، ڈاکٹر محمد مصباح، ڈاکٹر ایم اے رافع، ڈاکٹر محمد اشتیاق نے 110 مرد حضرات مریضوں کا معائنہ کیا اور انہوں نے ضروری مفید مشورے دیئے۔