حجامہ سے کئی امراض کا علاج ، طبی طریقہ علاج میں روز افزوں اضافہ

مشیر آباد میں حجامہ کیمپ کا انعقاد ، سینکڑوں افراد مستفید، جناب زاہد علی خاں و دیگر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( راست ) : دائرہ مہدویہ ویلفیر سوسائٹی کی طرف سے بروز پیر 14 اپریل کو بہادر یار جنگ فنکشن ہال زمستان پور مشیر آباد میں ایک حجامہ کیمپ منعقد ہوا ۔ جس میں مہمان خصوصی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے شرکت کی اور اپنے بیان میں حجامہ کی روز افزوں ترقی و افادیت کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور دائرہ مہدویہ کے ویلفیر کاموں کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ حجامہ میں مختلف امراض کے لیے افادیت کے بارے میں ڈاکٹر محمد احسن فاروقی نے تفصیل سے واقف کروایا ۔ کیمپ سے تقریبا 300 سے زائد افراد نے استفادہ کیا ۔ جس میں جوڑوں کے درد ، گردن ، کمر کا درد ، تھائیرائیڈ ، جلد کی بیماریاں ، جگر اور گردوں کے امراض ، فالج ، عورتوں کے امراض جیسے عقر ( بانچھ پن ) ، سفید پلو ، کمر کے درد وغیرہ کے سینکڑوں مریضوں کا علاج کیا گیا ۔ کثیر تعداد میں لوگوں نے اس کیمپ سے فائدہ اٹھایا ۔ اس کیمپ سے غیر مسلم افراد نے بھی فائدہ اٹھایا اور اس علاج سے فائدہ جو کہ پچھلے کیمپ میں ہوا تھا اس کی تعریف کی ۔ محمد عمر چاند صاحب صدر ، محمد صاحب نائب صدر ، محمد جیون خاں نائب صدر ، سید قاسم اقبال معتمد عمومی ، محمد چاند خاں سرور نائب معتمد جناب سید ماجد خازن نے اس کیمپ کے کامیاب انعقاد میں کلیدی رول ادا کیا ۔ لوگوں نے اگلے کیمپ کے انعقاد کے لیے کمیٹی سے پر زور سفارش کی ۔ اس کیمپ کے انعقاد میں جناب سعادت علی لقمان یونانی کلینک اور حجامہ سنٹر ، ڈاکٹر ناظمہ ، نظامیہ طبیہ کالج ، مسٹر صہیب اور دوسروں نے حجامہ میں کافی مدد کی ۔ جناب محمد فیاض احمد نے کارروائی چلائی اور منتظمین اور جناب زاہد علی خاں ، ڈاکٹرس اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔۔