حجاج کرام کے 13 ویں قافلہ کی وطن واپسی

آج دو قافلے واپس ہوں گے، تمام حجاج مدینہ منورہ میں مقیم
حیدرآباد ۔ 18۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے حجاج کرام کے 13 قافلے فریضہ حج کی تکمیل کے بعد سعودی عرب سے وطن واپس ہوچکے ہیں۔ آج شام 295 حجاج کرام پر مشتمل 13 واں قافلہ سعودی ایرلائینس کی خصوصی پرواز سے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا ۔ یہ خصوصی فلائیٹ مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ تاخیر سے حیدرآباد پہنچی جبکہ اب تک کی تمام فلائیٹس مقررہ وقت سے قبل پہنچ چکی تھی۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 13 قافلوں کے ذریعہ جملہ 3875 حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ آج کی فلائیٹ میں 300 کے منجملہ 295 حجاج تھے کیونکہ پانچ حجاج کرام پہلے ہی وطن واپس ہوچکے ہیں۔ حج ٹرمنل میں حجاج کرام کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ صدرنشین اور اسپیشل آفیسر نے دفتری امور کی عاجلانہ تکمیل میں یہ رہنمائی کی ۔ ہر حاجی کو 5 لیٹر کا زم زم کیان حوالے کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے تمام قافلے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں اور 25 ستمبر تک قافلوں کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حجاج کرام نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انتظامات کی ستائش کی ۔ کل 19 ستمبر کو دو قافلے وطن واپس ہوں گے ۔ پہلا قافلہ صبح 9.45 بجے اور دوسرا قافلہ دوپہر 2.45 بجے حیدرآباد پہنچے گا۔