حجاج کرام کے پندرہویں قافلہ کی حیدرآباد واپسی، آج اور کل آخری دو قافلوں کی آمد

ممبئی سے روانہ ہونے والے حاجیوں کیلئے خصوصی انتظام، 14 حجاج کرام کی قبل از وقت واپسی
حیدرآباد یکم نومبر( سیاست نیوز)ریاستی حج کمیٹی کے حجاج اکرام کا 15 واں قافلہ آج مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوا۔ 346حجاج کرام پر مشتمل اس قافلہ میں آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام شامل ہیں۔ ایر پورٹ پر اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کا استقبال کیا اور ضروری سرکاری امور کی تکمیل میں تعاون کیا۔ کسٹمس، ایمیگریشن ،سعودی ایر لائنس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں نے حجاج کرام سے مکمل تعاون کیا اور ان کی حج ٹرمینل سے روانگی میں مدد کی۔ 15 قافلوں کے ذریعہ ابھی تک جملہ 5072حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ اب مزید تین قافلوں کی واپسی باقی ہے۔ کل 2 نومبر کو 350 حجاج پر مشتمل 16 واں قافلہ شام 7.30 بجے شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پہنچے گا جبکہ 3 نومبر کو آخری دو قافلے واپس ہوں گے ۔ 3 نومبر کو پہلا قافلہ 4.30 بجے شام اور دوسرا قافلہ رات 9 بجے حیدرآباد پہنچے گا ۔ اس طرح شمس آباد ایر پورٹ سے روانہ ہونے والے حجاج کی واپسی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ سعودی ایر لائنس نے روانگی اور واپسی کیلئے 18 خصوصی پروازوں کا اہتمام کیا ۔ ابھی تک 14 حجاج کرام علالت کے باعث مقررہ وقت سے قبل وطن واپس ہوچکے ہیں۔ حج کمیٹی کے ممبئی سے روانہ ہونے والے 83 حجاج کرام 4 اور 5 نومبر کو ممبئی واپس ہوں گے ۔پہلے دن 53 اور دوسرے دن 20حجاج کرام مدینہ منورہ سے ممبئی پہنچیں گے ۔حج کمیٹی نے ان کی حیدرآباد منتقلی کیلئے آر ٹی سی خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج اکرام کی واپسی کا عمل مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام محکمہ جات سے اظہار تشکر کیا۔