تین ریاستوں کے حجاج شامل، بہتر انتظامات پر حج کمیٹی سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) مدینہ منورہ سے حجاج کرام کے 2 قافلوں کی واپسی کے ساتھ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ سعودی ایر لائنس کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ آج آخری 2 قافلے حیدرآباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچے۔ 24 واں قافلہ صبح 9 بجکر 45 منٹ پر حیدرآباد پہنچا جس میں 252 حجاج کرام تھے جبکہ 25 واں اور آخری قافلہ شام 4 بجے حیدرآباد واپس ہوا۔ اس طرح تلنگانہ حج کمیٹی کا کیمپ عملاً اختتام پذیر ہوا۔ صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، صدر نشین اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور کمیٹی ارکان نے حجاج کرام کا استقبال کیا اور فریضہ حج کی تکمیل اور مدینہ منورہ کی حاضری پر مبارکباد پیش کی۔ حجاج کرام نے مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں انتظامات کی ستائش کی اور تلنگانہ حج کمیٹی کے ذمہ داروں کو دعائیں دیں۔ خصوصی حج ٹرمنل میں حجاج کو فی کس 5 لیٹر زم زم فراہم کیا گیا۔ آخری دونوں قافلوں کے استقبال کیلئے رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد موجود تھی۔ بعد میں پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد سے تینوں ریاستوں کے جملہ 7347 عازمین حج روانہ ہوئے تھے جن میں تلنگانہ سے 4453 ، آندھرا پردیش 1711 اور کرناٹک کے 1183 عازمین شامل تھے جبکہ 25 قافلوں کے ذریعہ 7301 حجاج کرام کی واپسی عمل میں آئی ہے۔ 46 حجاج کرام مقررہ وقت سے قبل وطن واپس ہوگئے جبکہ 5 حجاج کرام کا سعودی عرب میں قیام کے دوران انتقال ہوگیا جن میں تلنگانہ کے 3 اور آندھرا و کرناٹک کے ایک، ایک حاجی شامل ہیں۔ حیدرآباد سے 10 شیرخوار روانہ ہوئے تھے اور تمام کی واپسی خیریت سے ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو حج 2018 کیلئے 17130 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 16622 فریش درخواستیں تھیں جبکہ 508 محفوظ زمرہ کیلئے داخل کی گئیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو 4066 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا جبکہ 3558 عازمین کیلئے قرعہ انداز کی گئی۔ ویٹنگ لسٹ کے کوٹہ کو ملا کر تلنگانہ کے 4453 عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ 4 حجاج کرام ابھی بھی سعودی عرب میں رُکے ہوئے ہیں۔ تلنگانہ کی ایک خاتون حاجی مکہ مکرمہ کے دواخانہ میں زیر علاج ہیں اور ان کی بیٹی اور بیٹا ان کے ساتھ موجود ہیں۔ اس کے علاوہ آندھرا پردیش کے ایک حاجی بھی دواخانہ میں زیر علاج ہیں۔ انڈین حج مشن ان کے علاج کی نگرانی کررہا ہے۔ حج کیمپ کی کامیاب تکمیل پر بارگاہ خداوندی میں سجدہ شکر ادا کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور نے انتظامات میں تعاون پر صدرنشین، ارکان اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور حج والینٹرس سے اظہار تشکر کیا۔