منٰی سانحہ پر جناب زاہد علی خاں کا اظہارِ تعزیت
حیدرآباد۔/24ستمبر، ( سیاست نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ نے منیٰ میں پیش آئے بھگدڑ کے سانحہ میں بڑی تعداد میں حجاج کرام کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اقطاع عالم سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے پہونچنے والے حجاج کرام کی سلامتی کیلئے دعا کی۔ جناب زاہد علی خاں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے ہر سال لاکھوں حجاج کرام کیلئے بہترین انتظامات کئے جاتے ہیں لیکن جاریہ سال حج سیزن میں متواتر دو سانحات کے رونما ہونے سے عالم اسلام میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دنیا بھر میں جہاں عیدالاضحی منائی جارہی تھی اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی عید کا ماحول غم میں تبدیل ہوگیا اسی طرح ہندوستان میں جہاں کل جمعہ کو عیدالاضحی مقرر ہے اس سانحہ نے مسلمانوں کو دکھ میں مبتلاء کردیا ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ ہندوستان کے ایک لاکھ سے زائد حجاج کرام کے رشتہ دار اور احباب اپنے قریبی افراد کی خیریت کے بارے میں فکر مند ہیں۔ جناب زاہد علی خاں نے منیٰ سانحہ کے سلسلہ میں ناظر رباط حسین محمد الشریف اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے بات چیت کی اور حجاج کرام کی خیریت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ جناب زاہد علی خاں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ابھی تک موصولہ اطلاعات کے مطابق اس سانحہ میں ہندوستان کے حجاج کرام تقریباً محفوظ ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون حاجی کی رحلت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ جناب زاہد علی خاں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ دونوں سانحات کے غم میں عیدالاضحی انتہائی سادگی سے منائیں اور عید کے موقع پر خصوصی دعاؤں میں حجاج کرام کی خیریت اور سلامتی کو شامل رکھیں۔ انہوں نے حج کمیٹی کے حکام کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے کونسلیٹ کے عہدیداروں سے مسلسل ربط میں رہیں۔ ناظر رباط نے بتایا کہ وہ حجاج کرام کے بارے میں کسی بھی اطلاع کی صورت میں ’ سیاست‘ کو واقف کرائیں گے۔