حیدرآباد۔/26ستمبر، ( سیاست نیوز) حج ہاوز نامپلی سے کرناٹک کے عازمین حج کا پہلا قافلہ آج جدہ کیلئے روانہ ہوا۔346 عازمین حج پر مشتمل اس قافلہ کو سابق صدرنشین سنٹرل حج کمیٹی الحاج اقبال احمد سرڈگی ایم ایل سی (کرناٹک ) نے جھنڈی دکھاکر وداع کیا۔ اس طرح حج ہاوز سے ابھی تک عازمین حج کے 15قافلے روانہ ہوچکے ہیں جس میں 5100 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے مزید تین قافلوں کی روانگی باقی ہے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین پہلے اور دوسرے مرحلے میں روانہ ہوئے جبکہ کرناٹک کے عازمین دو قافلوں میں روانہ ہوں گے جن کا پہلا قافلہ آج روانہ ہوگیا۔
مابقی کرناٹک کے عازمین کل 27ستمبر کو سعودی ایر لائنز کی خصوصی پرواز سے جدہ کیلئے روانہ ہوں گے۔ جناب اقبال احمد سرڈگی نے عازمین حج کیلئے ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ صدرنشین سنٹرل حج کمیٹی کی حیثیت سے انہوں نے گلبرگہ اور بیدر کے عازمین کی حیدرآباد سے روانگی کا آغاز کیا تھا تاکہ حیدرآباد سے قربت رکھنے والے کرناٹک کے علاقوں کے عازمین کو سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ سارے ملک میں اسی طریقہ کار کو اختیار کیا گیا ہے اور ایر پورٹ سے قربت رکھنے والے علاقوں کی اسی مقام سے روانگی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ آندھرا پردیش کے اضلاع اننت پور اور چتور کے عازمین بنگلور سے روانہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سفر حج اور ایام حج کے دوران مناسک اور عبادات کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سفر حج کے دوران عازمین کیلئے صبر کا امتحان ہوتا ہے لہذا عازمین کو ایثار و قربانی کے جذبہ کے ساتھ حج کیلئے روانہ ہونا چاہیئے۔ عازمین کے آج کے قافلہ میں رائچور، بیدر اور گلبرگہ سے تعلق رکھنے والے عازمین شامل ہیں،
انہیں وداع کرنے کیلئے ان کے عزیز و اقارب اور دوست احباب کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تمام عازمین حالت احرام میں تلبیہہ کی گونج میں ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوئے۔ مولانا سید شاہ محمد فصیح الدین نظامی مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے تلقین کی کہ وہ دوران سفر دعاؤں، ذکر و اذکار اور عبادتوں کا اہتمام کریں کیونکہ سفر کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔ انہوں نے لڑائی جھگڑے اور تنازعات سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کی زندگی میں تبدیلی حج کی قبولیت کی علامت ہے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کی نگرانی میں عازمین حج کی روانگی اور قیام و طعام کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین کا 16واں قافلہ ہفتہ کی رات 10:30بجے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے پرواز کرے گا۔350عازمین پر مشتمل اس قافلہ میں کرناٹک کے 319اور میدک کے30عازمین شامل ہیں۔ اتوار 28ستمبر کو عازمین کے دو آخری قافلے روانہ ہوں گے۔
قیمتوں پر کنٹرول کیلئے کمیٹی کا قیام
حیدرآباد /26 ستمبر ( این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ نے ضروریہ اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے مقصد سے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ چیف سکریٹری راجیو شرما ، 16 ارکان پر مشتمل اس کمیٹی کی قیادت کریں گے ۔ یہ کمیٹی دودھ ، خردنی تیل ، ترکاریوں ، اجناس اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں پر نظر رکھے گی علاوہ ازیں یہ کمیٹی اضلاع کے مارکیٹیوں میں دستیاب کھاد اور زرعی تخم کی قیمتوں پر بھی کنٹرول کو یقینی بنائے گی ۔