حجاج کرام کی آمد کا آج اختتام ، دو قافلوں کی آج آمد

حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کے تلنگانہ ، آندھرا پردیش و کرناٹک کے حجاج کی واپسی مکمل
حیدرآباد ۔ 28۔ ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ بروز جمعہ 29 ستمبر کو مکمل ہوجائے گا ۔ ابھی تک 14 قافلے مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوچکے ہیں جبکہ آخری قافلہ بروز جمعہ 29 ستمبر کو سہ پہر 3.50 بجے وطن واپس ہوگا ۔ اس طرح تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے حیدرآباد سے جانے والے حجاج کی واپسی کا عمل مکمل ہوجائے گا ۔ مدینہ منورہ سے آج دو قافلے حیدرآباد واپس ہوئے جن میں 900 حجاج کرام ہیں جن کا تعلق آندھراپردیش سے ہے۔ پہلا قافلہ صبح 5.30 بجے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا اور اس فلائیٹ کی مدینہ منورہ کی روانگی سے قبل پائلیٹ نے اوور لوڈ ہونے کی شکایت کی اور طیارہ اڑان بھرنے کے موقف میں نہیں تھا ۔ لہذا 89 کور نمبرس کے 189 بیاگیجس کو مدینہ منورہ ایرپورٹ پر اتارلیا گیا جس کے بعد طیارہ نے اڑان بھری ۔ حجاج کرام کی حیدرآباد واپسی پر انہیں شیڈول فلائیٹ سے 11 بجے دن بیاگیجس پہنچنے کی اطلاع دی گئی۔ سعودی ایرلائینس کی جانب سے حجاج کیلئے ناشتہ کا انتظام کیا گیا اور یہ 11 بجے تک سامان کیلئے حج ٹرمنل میں رکے رہے۔ شیڈول فلائیٹ کی آمد کے بعد انہیں سامان حوالے کیا گیا۔ صدرنشین آندھراپردیش حج کمیٹی مومن احمد حسین ، اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی لیاقت علی نے حجاج کا استقبال کیا اور انہیں فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی۔ انتظامات کے بارے میں تمام حجاج نے اطمینان کا اظہار کیا۔ آج کا دوسرا قافلہ رات میں مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچا۔ دونوں قافلوں میں جملہ 900 حجاج کرام حیدرآباد پہنچے۔ اس طرح آج آندھراپردیش کے حجاج کی واپسی مکمل ہوگئی۔ کل کی آخری فلائیٹ میں تلنگانہ ، آندھرا اور کرناٹک کے حجاج کرام شامل رہیں گے۔