اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان
حیدرآباد۔ 14 مئی (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ حج 2015ء کے حجاج کرام سے قربانی کے لئے فی کس 469 سعودی ریال چارج کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں یہ اطلاع دی گئی تھی کہ قربانی کے لئے 490 سعودی ریال چارج کئے جائیں گے، تاہم اسلامک ڈیولپمنٹ بینک نے یہ اعلان کیا ہے کہ اس سال قربانی کے لئے فی کس صرف 469 سعودی ریال ہی وصول کئے جائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک وہ واحد ادارہ ہے جسے حکومت سعودی عربیہ نے حجاج کرام کی جانب سے قربانی دینے کا مجاز گردانا ہے، اس سے ہٹ کر کسی اور ادارہ، مدرسہ اور کسی فرد کو حجاج کی جانب سے قربانی دینے کی قانونی طور پر اجازت یا حق و اختیار نہیں ہے۔ تاحال کوئی کوئی 20 ممالک بشمول ایران، ترکی، انڈونیشیا، ملائیشیا، وغیرہ آئی ڈی بی کے ذریعہ قربانی کا انتظام کرتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ قونصلیٹ جنرل کا اسٹاف آئی ڈی بی کے تعاون سے حجاج کرام کو ان کی قربانی کے وقت سے آگاہ کرے گا جس کی روشنی میں وہ دیگر مناسک کی ادائیگی کرسکتے ہیں۔ 30 عازمین کی جانب سے نمائندے کے طور پر کسی ایک حاجی صاحب کو قربانی کی نگرانی کے لئے متعین بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ عرصہ میں قربانی کے معاملے میں حجاج کرام کے ساتھ دھوکہ دہی کے کئی واقعات روشنی میں آئے اور بوگس ایجنٹوں اور افراد نے قربانی کے نام پر حجاج کرام کے ساتھ دھوکہ دہی کا ارتکاب کیا چنانچہ سال گزشتہ بھی ایسے ہزارہا واقعات منظر عام پر آئے جس کی وجہ سے حجاج کرام میں سخت بے چینی پیدا ہوئی۔