اسمبلی میں وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ ریاست میں اماں وڑی اسکیم کے تحت حاملہ خواتین کو منتقل کرنے کے لیے ایمبولنس اسکیم میں توسیع دی جائے گی۔ وقفہ سوالات کے دوران کونڈا سریکھا، اجمیرا ریکھا اور دوسروں کے سوال پر وزیر صحت نے کہا کہ ہر منڈل میں ایمبولنس کا انتظام کیا گیا ہے تاہم ارکان اسمبلی ایمبولنس کی تعداد میں اضافہ کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر منڈل میں گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اما وڑی 102 ایمبولنس اسکیم نے کافی مقبولیت حاصل کرلی ہے۔ حاملہ خواتین کو ٹیکہ اندازی اور ڈیلیوری کے سلسلہ میں کم از کم 8 مرتبہ ہاسپٹل جانا پڑتا ہے۔ ایسے موقع پر یہ سرویس مددگار ثابت ہورہی ہے۔ صرف ایک فون کال پر ایمبولنس دستیاب رہتی ہے۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ ریاست میں 241 گاڑیاں یہ خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ماقبل ڈیلیوری معائنوں، زچگی، گھر پہنچانے اور ٹیکہ اندازی کے لیے یہ ہنگامی ٹرانسپورٹ خدمات دستیاب ہیں۔ وزیر صحت کے مطابق 47,121 خواتین نے اس اسکیم سے استفادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کٹ اور اماں وڑی ایمبولنس اسکیم خواتین میں کافی پسند کی جارہی ہے۔ کے سی آر کٹس اسکیم کے ذریعہ سرکاری دواخانوں میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹی آر ایس کی خاتون ارکان نے اسکیمات کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور سرکاری دواخانوں میں طبی خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔