حالت ِ نشہ میں ڈرائیونگ پر سرکل انسپکٹر کاتبادلہ

سب انسپکٹر کی کارروائی میں خلل کا شاخسانہ ، ڈی ایس پی کاماریڈی کی کارروائی

حیدرآباد۔25فروری(سیاست نیوز) سرکل انسپکٹر پولیس جو کہ حالت نشہ میں گاڑی چلا رہے تھے ان کے خلاف سب انسپکٹر آف پولیس کی کاروائی کے بعد سرکل انسپکٹر دارپلی مسٹر ڈی کرشنا کا تبادلہ کردیا گیا۔ضلع نظام آباد کے حدود میں آنے والے دار پلی پولیس اسٹیشن سے وابستہ سرکل انسپکٹر جو کہ جمعرات کی رات دیر گئے اپنی کار میں حیدرآباد جا رہے تھے کہ انہیں سداسیو نگر سب انسپکٹر نے نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف جاری مہم کے دوران پکڑ لیا اور جب ان کا معائنہ کیا گیا تو وہ نشہ میں پائے گئے لیکن پولیس کی کاروائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے لگے جس پر سب انسپکٹر پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔سپرنٹنڈنٹ پولیس کاماریڈی مسز این شویتا نے بتایاکہ انسپکٹر ڈی کرشنا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد رپورٹ تیار کرتے ہوئے کمشنر نظام آباد کو روانہ کردی گئی ہے اور انہیں مکمل تفصیلات سے واقف کروایاجاچکا ہے تاکہ محکمہ جاتی کاروائی کے علاوہ قانونی کاروائی کی جا سکے۔کمشنر نظام آباد کو رپورٹ کی روانگی کے کے بعد کمشنر نے فوری طور پر نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والے انسپکٹر کے خلاف کاروائی کے احکام جاری کرتے ہوئے ان کا تبادلہ کردیا۔بتایاجاتاہے کہ جمعرات کی رات دیر گئے قومی شاہراہ نمبر 44پر سداسیونگر پولیس کی جانب سے حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کاروائی کے لئے مہم جاری تھی اور اسی دوران حیدرآباد کی سمت تیزی سے دوڑ رہی گاڑی کو سب انسپکٹر نے روکتے ہوئے ڈرائیور کا معائنہ کیا اور جب معائنہ میں ڈرائیور حالت نشہ میں پایا گیا تو سب انسپکٹر نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کاروائی شروع کی جس پر سرکل انسپکٹر دار پلی نے اپنے عہدہ کا رعب و دبدبہ دکھاتے ہوئے ہنگامہ شروع کردیا جس پر تلاشی کے مہم کے دوران موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں جائے واقعہ سے ہٹا دیا بعد ازاں اس واقعہ کی اطلاع ایس پی کاماریڈی کو دی گئی تھی۔