حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے کے خلاف مہم، خاتون کا نامناسب رویہ

حیدرآباد 25 اگست (یو این آئی) حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والے افراد کے خلاف شہر حیدرآباد کے جوبلی ہلزمیں پولیس نے مہم چلائی ۔اس مہم کے دوران حالت نشہ میں ایک خاتون نے پولیس کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا اور تعاون کرنے سے انکار کردیا۔اس خاتون کی کار کی نمبرپلیٹ پر ریونیو افسر لکھا ہوا تھا ۔اس خاتون نے اس کو روکنے پر پولیس سے بحث وتکرار بھی کی۔پولیس نے بریتھ انالائزر کے ذریعہ جانچ کرنے کی کوشش کی تاہم اس خاتون نے پولیس سے کسی بھی قسم کا تعاون نہیں کیااور کہا کہ وہ آئی اے ایس افسر کی بیٹی ہے ۔بعد ازاں لیڈی کانسٹیبل کو طلب کیاگیا جو اس خاتون کو جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن لے گئی ۔ پولیس نے اس خاتون کی کار کو ضبط کرلیا۔پولیس اس بات کی جانچ کررہی ہے کہ آیا اس کار کی نمبر پلیٹ پر لکھے ہوئے ریونیو افسر کی پلیٹ واقعی درست ہے یا پھر فرضی طورپر یہ پلیٹ لگائی گئی ہے ۔اس خاتون نے اس واقعہ کا کوریج کرنے والے ایک چینل کے کیمرہ مین کے ساتھ بھی نامناسب رویہ اختیار کیا۔پولیس نے اس مہم کے دوران 123افراد کے خلاف معاملہ درج کرلیا-