حافظ سعید کی دھمکیوں کے باوجود راج ناتھ سنگھ کا کل دورہ پاکستان

پاکستان پر ہندوستان میںدہشت گردی کی تائید روکنے پر زور دیا جائیگا ‘ باہمی ملاقات نہیں ہوگی
نئی دہلی ۔ یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) لشکرطیبہ کے بانی حافظ سعید کی دھمکیوں سے قطع نظر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ چہارشنبہ کو پاکستان کا دورہ کرینگے اور وہاں سارک وزرائے داخلہ کے اجلاس میں شرکت کرینگے ۔ امکان ہے کہ وہ اس کانفرنس میں پاکستان پر زور دینگے کہ وہ ہندوستان میں دہشت گردی کی تائید کرنا بند کردے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کرن رجیجو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سارک اجلاس ایک ہمہ رخی اجلاس ہے ۔ یہاں کچھ وعدے ہوتے ہیں۔ وہ پاکستانی وزیر خارجہ کو کوئی پیام دینے یا علیحدہ ملاقات کرنے نہیں جا رہے ہیں۔ وہ لشکرطیبہ کے بانی حافظ سعید کی جانب سے راج ناتھ سنگھ کے دورہ کے خلاف دی گئی دھمکیوں پر رد عمل ظاہر کر رہے تھے ۔ سعید نے خبردار کیا ہے کہ اگر راج ناتھ سنگھ اسلام آباد آتے ہیں تو ملک بھر میں احتجاج منظم کیا جائیگا ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ کی پاکستانی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان سے علیحدہ ملاقات کا امکان نہیں ہے کیونکہ حکومت کے ذمہ داران کا یہ خیال ہے کہ فی الحال باہمی ملاقات کیلئے وقت مناسب نہیں ہے ۔ تاہم وزیر داخلہ سارک اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران امکان ہے کہ ہندوستان میں دہشت گردی کو پاکستان کی تائید کا مسئلہ اٹھائیں گے ۔ وہ پاکستان پر زور دینگے کہ لشکرطیبہ ‘ جئیش محمد اور دوسری گروپس پر کنٹرول کیا جائے ۔ راج ناتھ سنگھ ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جب دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے کیونکہ وزْر اعظز پاکستان نواز شریف نے بیان دیا تھا کہ کشمیر ایک دن پاکستان کا حصہ ہوگا ۔ اسکے جواب میں وزیر خارجہ ہند سشماسوراج نے کہا تھا کہ اگر دنیا ختم بھی ہوجائے تب بھی پاکستان کا یہ خواب پورا نہیں ہوگا ۔