حافظ سعید کو دہشت گردوں کی فہرست سے اخراج کیلئے انتظار کی مزید زحمت

واشنگٹن۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کو اقوام متحدہ کی جانب سے تیار کی گئی دہشت گردوں کی فہرست میں سے اپنا نام حذف کرنے کی درخواست پر سماعت کیلئے مزید انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ اس کے لئے ایک سکیورٹی کونسل کے اعلیٰ سطحی عہدیدار کی تقرری کی جائے گی۔ سلامتی کونسل کی القاعدہ سیکشنس کمیٹی نے 10 ڈسمبر 2008ء کو حافظ سعید کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا جبکہ امریکہ نے بھی ایسا ہی کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ایسے افراد جو حافظ سعید سے متعلق ایسی اہم معلومات فراہم کریں جو ان کی گرفتاری کی وجہ بن جائے، کے لئے 10 ملین امریکی ڈالرس کے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف سعید کے لاہور میں موجود اٹارنی نے بتایا کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ نے اقوام متحدہ میں ایک عرضداشت کا ادخال کیا ہے جس کے ذریعہ وہ عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ان کا (سعید) نام حذف کرنے کے خواہاں ہیں۔ حافظ سعید کا استدلال ہے کہ ان پر عائد کئے گئے دہشت گردی کے الزامات کو پاکستان کی کسی بھی عدالت میں ثابت نہیں کیا جاسکا۔ یاد رہے کہ ’’اومیڈس پرسن‘‘ کی جائیداد اس وقت سے مخلوعہ ہے جب ماہ اگست میں کیتھرین مارچی۔ اوہیل نے اپنی میعاد کی تکمیل کرلی تھی۔ اومیڈس پرسن‘‘ وہی عہدہ ہے، جس پر مقررہ شخص اہم درخواستوں کی سماعت کرتا ہے جبکہ اب تک اومیڈس پرسن‘‘ کے عہدہ پر ہنوزکوئی تقرری نہیں ہوئی ہے۔