گھوڑا جوڑا ، رقمی لین دین سے اجتناب ، ایڈیٹر سیاست کو خراج تحسین کی پیشکشی
حیدرآباد۔29اگست(سیاست نیوز) قدیم شہر حیدرآباد میںمسلمانوں کی گنجان آبادی والے علاقے حافظ بابا نگر کے ساکن ایک نوجوان نے نہایت سادگی کے ساتھ شادی کی ایک مثال قائم جس میںشرکت کے بعد یہ یقین ہوگیا ہے کہ معاشرہ کا نوجوان طبقہ اگر چاہے تو ہر ناممکن عمل کو ممکن بناسکتا ہے ۔ سیدتجمل حسین حال مقیم سعودی عربیہ کا نکاح نہایت سادگی کیساتھ مسجد ہاجرہ معین باغ میںعمل میںآیا۔ جس میں مصلیان مسجد کے علاوہ دولہا او ردولہن کے عزیز واقارب کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔ سید تجمل حسین نے گھوڑے جوڑے کے نام پر ایک روپیہ بھی دولہن والوں سے طلب نہیںکیا وہیں پر دولہن کے والدین او ر سرپرستوں کو بیجا رسومات سے بچانے کے لئے منجے ‘ سانچق مہندی جیسے رسومات سے بھی بچایا۔ انہوں نے بتایاکہ وہ سیاست کی سادگی کے ساتھ تحریک سے نہایت متاثر ہیں اور مدیر روزنامہ سیاست کی درازی عمر اور سادگی سے شادی تحریک کی کامیابی کے لئے بھی دعائیں کی ۔ انہوں نے کہاکہ شادیوں میںبیجااصراف جہاں پرمعاشرے کے لئے نقصاندہ ثابت ہورہا ہے وہیں معاشی طور پر پسماندگی کاشکار مسلم گھرانوں کی لڑکیوں کی شادیوں میں بڑی رکاوٹ بھی بن رہا ہے ۔ سید تجمل حسین نے کہاکہ سادگی کیساتھ شادی کے ان کے ارادے کو اس وقت تقویت ملی جب ان کے تمام گھروالوں نے بھی اس عمل کے لئے رضامندی ظاہر کی ۔ سید تجمل حسین نے بتایاکہ جب تک گھروالوں بالخصوص والدین اور بھائی بہنوں کی رضامندی نہیںملتی تب تک اس عظیم کام کو انجام دینا میرے بس کی بات نہیں تھی۔سید تجمل حسین نے کہاکہ صاحب ثروت ہونے کے باوجود ہم نے دولہن والوں پر کسی قسم کا مالی بوجھ نہیںڈالا تاکہ مسلم معاشرے کو اس بات کا پیغام دیا جاسکے کہ حوصلوں اور نیک ارادوں کے ساتھ کیاجانے والا کام اللہ اور اللہ کے رسول ؐ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگا۔ سادگی کے ساتھ پیش آئے نکاح کی اس تقریب میں والد نوشہ سید بڈھن کے علاوہ صد ر دکن وقت پروٹکیشن سوسائٹی جناب عثمان بن محمد الہاجری‘ ریاست نگر ٹی آر ایس انچارج محمد یوسف‘ مسجد ہاجرہ معین باغ کمیٹی صدرجناب عبدالقادر‘ سماجی کارکنان محمد محمو دعلی سہیل‘ احمد خان‘ محمد یوسف اور دولہا اوردولہن کے عزیز واقارب کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔