ج27 جولائی کی نصف شب سے صدی کا سب سے بڑا چاند گہن

حیدرآباد 19 جولائی ( پی ٹی آئی ) 27 جولائی کی نصف شب کے قریب ایک مکمل چاند گہن ہوگا جو توقع ہے کہ جاریہ صدی کا سب سے بڑا چاند گہن ہوسکتا ہے ۔ ماہرین نے یہ بات بتائی ۔ اس مرتبہ چاند زمین کے سایہ کے عین بیچ سے گذرے گا اور اسے جون 2011 کے بعد کا پہلا وسطی اور مکمل چاند گہن کہا جا رہا ہے ۔ ڈائرکٹر بی ایم برلا سائینس سنٹر بی جی سدھارتھ نے یہ بات بتائی ۔ مسٹر سدھارتھ نے بتایا کہ یہ گہن ایسے وقت میں ہو رہا ہے جبکہ چاند کا فاصلہ زمین سے سب سے زیادہ ہے اور اس کے نتیجہ میںیہ جاریہ صدی کا سب سے بڑا چاند گہن ہوسکتا ہے ۔ ڈائرکٹر بی ایم برلا سائینس سنٹر نے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ اس گہن کا جملہ دورانیہ ایک گھنٹہ 43 منٹ تک ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چاند گہن کا مشاہدہ افریقہ ‘ وسطی ایشیا ‘ جنوبی امریکہ ‘ یوروپ اور آسٹریلیا سے کیا جاسکتا ہے ۔ یہ چاند گہن ملک بھر میں بھی دیکھا جاسکتا ہے بشرطیکہ مطلع ابر آلود نہ ہو ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ چاند گہن نصف شب سے قبل 11.15 بجے شروع ہوگا ۔ کہا گیا ہے کہ چاند کے زمین کے سایہ کے وسط میں آنے کا آغاز 10 بجکر 44 منٹ پر ہوگا اور پھر یہ مکمل گہن کی صورت اختیار کرلے گا ۔ اس کے بعد چاند گہرا ہوتا جائیگا اور پھر وہ زمین کے سایہ کے درمیان میں آجائیگا ۔ چاند گہن کا سب سے بہترین نظارہ رات 12 بجکر 51 منٹ اور 44 سکنڈ پر کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے بعد یہ گہن بتدریج کم ہونا شروع ہوجائیگا اور بالآخر صبح 3 بجکر 58 منٹ پر ختم ہوجائیگا ۔