جے این یو الیکشن میں بائیں بازو کی کامیابی ، سیاسی تبدیلیکا آغاز

مجوزہ لوک سبھا الیکشن میں تشکیل حکومت پارٹی کیلئے اہم فیصلہ ، سیدولی اللہ قادری
حیدرآباد۔16ستمبر(سیاست نیوز) کل ہند اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے قومی صدر سید ولی اللہ قادری نے جواہرلا ل نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین( جے این یو ایس یو) الیکشن میں بائیں بازو اتحاد کی کامیابی کو ملک کے موجودہ سیاسی رحجان کی عکاسی قراردیا او رکہاکہ جے این یو ایس یو میں بائیں بازو اتحاد کی کامیابی دراصل روہت ویمولہ او رنجیب احمد کی کامیابی ہے۔ سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ جواہرلال نہرو یونیورسٹی کے طلبہ یونین کا یہ الیکشن کے نتائج 2019کے مجوزہ لوک سبھا الیکشن کے لئے ملک میں کس پارٹی کی حکومت بنے گی اس بات کافیصلہ کریںگے۔بائیں بازوتنظیموں کے اتحاد نے پھر ایک مرتبہ جواہر لال نہرویونیورسٹی میں فسطائی طاقتوں کی اجارہ داری کوروکنے کا کام کیاہے اور مستقبل میںبھی قومی سطح پر دائیں بازو کا اتحادفرقہ پرست اور فسطائی طاقتوں کو اقتدار سے روکنے کاکام کرے گا۔ سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ انتخابی مہم سے لے کر رائے دہی اور پھر ووٹوں کی گنتی تک اے بی وی پی اور دائیںبازو کی دیگر تنظیموں نے جے این یو کے ماحول کو بگاڑنے کی بڑی کوشش کی ۔ گنتی کے مراکز پر توڑ پھوڑ مچائی او ربیالٹ باکس چھیننے کی بھی کوششیں کی گئیں ۔ اس کے باوجود وہ بائیں بازو اتحاد کی جیت کو روکنے میں ناکام رہے ۔ دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین الیکشن میںبھی بائیں بازو اتحاد کی جیت ہوتی مگر وہاں پر بیالٹ پیپر کے بجائے ای وی ایم مشین کا استعمال کیا گیا ہے۔ جس طرح ملک کی مختلف ریاستوں میںای وی ایم کے ساتھ مبینہ چھیڑ چھاڑ کے ذریعہ بی جے پی اقتدار میںآئی ہے ٹھیک اسی طرح دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین الیکشن میں بھی اے بی وی پی ای وی ایم کے سہارے اقتدار حاصل کرنے میںکامیاب رہی ہے۔ انہوں نے اے بی وی پی پر الزام عائد کیاکہ ڈی یوایس یو ہو یاپھر جے این یو ایس یوالیکشن ہوں پیسے اور سیاسی اثرو رسوخ کا بھر پوراستعمال کیاگیا مگر دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین الیکشن میںاے بی وی پی کواخلاقی شکست ہوئی جبکہ جواہرلال نہرو یونیورسٹی میںاے بی وی پی کو ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی سیاسی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہو ںنے کہاکہ جے این یو ایس یو میںبائیںبازو اتحاد کے ذریعہ کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔ انہو ںنے کہاکہ جے این یو کیمپس میںبائیںبازو اتحاد کے امیدواروں کی کامیابی کے بعد طلبہ نے جم کرجشن منایا ہے۔جواہرلا ل نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین الیکشن میں 5185ووٹوں کی گنتی کے بعد صدر کے لئے منتخب ہونے والے بائیںبازو اتحاد کے امیدوار للت پانڈے کو2151ووٹ ملے جبکہ اے بی وی پی کے امیدوار للت پانڈے صرف 972ووٹ لے سکے۔
صدر کے لئے بائیںبازو اتحاد کے امیدوار کو 1179ووٹ کے ذریعہ جیت حاصل ہوئی۔اسی طرح نائب صدر سکریٹری او رجنرل سکریٹری کے عہدے کے لئے بھی بائیں بازو کے امیدواروں نے بھاری اکثریت سے جیت حاصل کی ہے۔